میں ایمانداری سے بات کروں گا – سچ یہ ہے کہ پہلا سال بہت تاریک تھا۔ پہلے سال جب میں نے فری لانسنگ میں قدم رکھا تو میرے پاس کوئی پروجیکٹ نہیں تھا اس لیے میں نے مہینوں تجربے کرنے، ہر چیز پر سوالات کرنے، اور انھیں پرکھنے میں صرف کیے۔
میں نے ہر ایک سے رابطہ کیا جس کو میں پیغام پنہچا سکتا تھا. مجھے کوئی جواب نہیں ملا. آخر کار بہت تگ و دو کے بعد مجھے ایک پروجیکٹ مل ہی گیا. حقیقت میں تب مجھے اس کام کو سرانجام دینے کی مکمل جانکاری بھی نہیں تھی. پروجیکٹ ملنے کے بعد میں نے یہ معلوم کرنا شروع کیا کہ یہ کام کیسے کیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں: فری لانسنگ کیا ہے اور کیسے کی جاتی ہے؟
اس پہلے پروجیکٹ سے میں نے مختلف طریقوں کے ساتھ تجربات کیے اور آخر کار کامیاب ہوا۔ اب تین سالوں بعد میں یہ کہ سکتا ہوں کہ مجھےکئی بڑی کمپنیوں اور کچھ ناقابل یقین لوگوں کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا ہے۔
یہ سب ابھی تک میرے ذہن میں تازہ ہےاس لیے میں نے اپنے تین سالوں میں سیکھے گئے اسباق کو تحریری شکل دی ہے۔ ان میں سے کچھ سے میرے ساتھی فری لانسرزواقف ہوں گے اور کچھ مجھے امید ہے کہ دوسروں کے لیے مفید ہوں گے۔
1. ریلیشن شپ سب کچھ ہے
تعلقات (relationship) نے مجھے دوسروں سے سیکھنے، کمیونٹی میں شامل ہونے اور دلچسپ پروجیکٹس پر کام کرنے کا موقع دے کر بہت مدد کی۔ وہ کیسے؟ آئیں بتاتا ہوں.
دوسروں سے سیکھنا
میں نے بہت باصلاحیت لوگوں کے ساتھ کام کیا۔ کام کے انداز جو میں نے دیکھے انھوں نے مجھے بیک وقت تعریف اور مایوسی سے بھر دیا۔
جب میں نے ایسے حل کو نافذ ہوتے دیکھا جو میں خود کرنے کے قابل نہیں تھا تو تعریف نے میرا دل بھر دیا۔ لیکن مایوسی اس لیے ہوئی کہ ایسا لگا میں پیچھے رہ گیا ہوں اور ترقی کے مسلسل بڑھتے ہوئے جدید ترین تقاضوں سے رابطہ کھو رہا ہوں۔
یہ بھی پڑھیں: فری لانسنگ کی 8 بنیادی معلومات
میں نے اس مایوسی کو ایک فری لانسر کے طور پر کام کی مزید گہرایوں میں اترنے کے لیے استعمال کیا اور انہی شاندار لوگوں سے سیکھتے ہوئے اپنے کام کوآہستہ آہستہ بہتر کرتا گیا۔ ان گنت مکالموں اور اچھے برے فیڈ بیک نے مجھے اعلیٰ سطح پر کام کرنے کے لیے ضروری بصیرت فراہم کی۔
اب جب بھی میں کسی مسئلے میں پھنس جاتا ہوں توکوئی ایسا شخص جو اسی چیز سے گزر رہا ہو بس ایک فون کال دور ہوتا ہے جو میرا مسلہ حل کر دیتا ہے.
دوسروں کے مشورے یا رائے اور ان پر انحصار کرنے سے نہ گھبرائیں۔
کمیونٹی کا حصہ بننا
کل وقتی ملازمت کے بارے میں ایک بہترین چیز یہ ہے کہ آپ ان لوگوں میں گھرے ہوئے ہوتے ہیں جو ایک مشترکہ مقصد رکھتے ہیں۔ مخلتف خیالات کے لوگوں کا اکٹھے کام کرنا اور مل کر کچھ بڑا کرنا ایک مزیدار تجربہ ہوتا ہے ہے۔
لیکن جب میں فری لانسر بن گیا تو مل کر کام کرنے کا وہ مزہ چلا گیا۔ فری لانسنگ نے میرے دوستوں کی ٹیم اور ایک مشترکہ مقصد کو صرف ایک کمپیوٹر اور میز کے ساتھ بدل دیا۔ اگرچہ یہ سب پہلے تو اچھا اور دلچسپ تھا لیکن یہ تجربہ تیزی سے اپنی چمک کھونے لگا. گھریلو زندگی اور کام ایک ساتھ گھل مل گئے اور چیزیں عجیب ہونے لگیں۔
یہ بھی پڑھیں: فری لانسنگ پلیٹ فارم فائیور کا تعارف
پھرمیں نے فری لانسرز کے کام کی جگہ کا رخ کیا. جہاں بہت سے فری لانسرز کام کرتے تھے. ایک ڈیسک کراۓ پر لی اور ایک کمیونٹی کے ساتھ مل کے کام کا آغاز کیا. اس طرح میں اپنے گھر اور کام کی زندگی کے درمیان علیحدگی کا لطف دوبارہ اٹھانے لگا۔ مجھے اپنا گھر پسند ہے لیکن وہ میرے کام لیے زیادہ موزوں جگہ نہیں. مجھے کام کی جگہ بھی پسند ہے کیوں کہ میں ایک بار پھر ذہین اور باصلاحیت لوگوں میں گھرا ہوا ہوں جو ہر روز اپنا دلچسپ کام کر رہے ہوتے ہیں اور مجھے ترغیبات دے رہے ہوتے ہیں.
کمیونٹی کا حصہ بنیں اوراپنے آپ کو اچھے لوگوں سے گھیر لیں تاکہ ہر نئے دن کے لیے نتیجہ خیز اور پرجوش رہیں۔
دوسروں کے ساتھ تعاون کرنا
مجھے اپنے آس پاس بہت سے ساتھی ملے جنہیں میری مدد کی ضرورت تھی. مجھے ان کی مدد کر کے سیکھنے کا بہت موقع ملا. میں نے کچھ بھی فری نہیں کیا. اپنے کام کا 100% ان سے وصول کیا. جی ہاں ان تمام قیمتی مشوروں اور تعاون کی صورت میں جو مجھے ان دوستوں اور ساتھیوں سے موصول ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں: فری لانسنگ اور چند غلط فہمیاں
کئی بار کوئی بھی پروجیکٹ نہ ہونے کے باوجود میں کام کی جگہ پر گیا. صرف اس لیے کہ میرے کسی ساتھی کو میری ضرورت تھی.
دوسروں کے لیے ہر روز حاضر ہونا اور ان کی مدد کی اپنی پوری کوشش کرنا ناقابل یقین حد تک اہم ہے۔ اپنے آس پاس کے لوگوں کی مدد کریں۔ ان کی ترقی کے لیے کوشش کریں۔
آپ جو خیر خواہی دوسروں کو دیتے ہیں وہ آپ کے پاس واپس آتی ہے۔
2. آگے بڑھیں لیکن کچھ اصول بنایں
اپنے کیریئر کے شروع میں، میں نے کچھ قابل اعتراض پروجیکٹس پر کام کیا۔ میں نے ایک ایسی ویب سائٹ کے لیے بھی کام کیا جہاں غیر محفوظ کیمیکل فروخت کیے جاتے تھے.
لیکن جلد ہی مجھے سمجھ آئی اور میں نے کچھ اصول بناۓ. میں نے ہمیشہ کام کو بہترین انداز میں کرنے کی کوشش کی۔ اس لیے کہ ہر پروجیکٹ کچھ سیکھنے کا موقع ہوتا ہے۔ لیکن ایسے پروجیکٹس پر کام کرنا چھوڑ دیا جو قابل اعتراض ہوں یا میرے اصولوں پہ پورا نہ اترتے ہوں. مجھے اس سے مشکل حالات کا سامنا بھی کرنا پڑا اور ابھی بھی کرنا پڑتا ہے جب پیسہ بنانے کے کچھ بہترین مواقع ہاتھ سے نکلتے ہیں.
اچھا کام کرنا اور اصولوں کے ساتھ چیلنجوں کا مقابلہ کرنا آپ کو مضبوط بناتا ہے۔ اصولوں کو ہمیشہ اپنے سامنے رکھیں. آپ ہر روز آگے بڑھیں گے۔
3. کمیونیکشن بنیادی فرق ہے
بہت سے لوگ فری لانسرز کے بارے میں غلط فہمیاں رکھتے ہیں، یہ سوچتے ہیں کہ وہ سست ہیں اور درست کام نہیں کرتے ہیں۔ انہیں غلط ثابت کرنے کے لیے فری لانسرز کو پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرنا چاہیے اور خود کو اپنے کلائنٹس کی ترجیحات کے مطابق ڈھالنا چاہیے. کلائنٹس کے ترجیحی کمیونیکشن ٹولز کا استعمال کرتے ہوئے انہی کی زبان بولنا چاہیے۔ یاد رکھیں بات چیت کا فرق ہی اچھے اور برے فری لانسر کو الگ کرتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: فیس بک سے پیسے کمانے کے طریقے
جس طرح سے آپ ممکنہ کلائنٹس کے ساتھ بات چیت کرتے ہیں وہ بہت اہم ہے. خاص طور پر جب آپ کسی پروجیکٹ کے حصول کے لیے دوسرے فری لانسرز کے ساتھ مقابلہ کر رہے ہوں۔ اچھی کمیونیکشن فرق پیدا کرتی ہے اور آپ کو مزید کام حاصل کرنے میں مدد کرتی ہے۔
اچھی بات چیت کا عمل صرف پروجیکٹ حاصل کرنے سے پہلے تک ہی محدود نہیں بلکہ بعد میں بھی موثر رابطے کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے۔ جیسے آپ کو مستقل کلائنٹ کی ضرورت ہے ویسے ہی کلائنٹ کو بھی مستقل فری لانسر کی ضرورت ہوتی ہے. جب کلائنٹس دیکھتے ہیں کہ آپ کی کمیونیکشن اعلی ہے تو وہ آپ پر زیادہ اعتماد کرتے ہیں. یاد رکھیں کوئی بھی روز روز نئے فری لانسرز کو ڈھونڈنا اور آزمانا نہیں چاہتا.
کسی بھی ورکنگ ریلیشن میں باقاعدہ اور واضح بات چیت اعتماد پیدا کرتی ہے۔ یہ ایک فری لانسر کے طور پر کامیابی کے لیے انتہائی ضروری ہے۔
4. ایک مقصد کی وضاحت ضروری ہے
مجھے یہ کہتے ہوئے کوئی عار نہیں کہ ایک لمبے عرصے تک میں نے فری لانسنگ میں اپنے مقصد اور اہداف کو نہیں لکھا۔ میں نے زیادہ تر وہی کام لیا جو میرے راستے میں آیا اور کسی نہ کسی طرح اسے پورا کرنے میں کامیاب رہا۔ لیکن اس طریقہ کار نے مجھے تیزی سے آگے بڑھنے میں مدد نہیں دی۔
لہذا میں نے فیصلہ کیا اور اپنا مشن ، اصول ، طریقے، رکاوٹیں اور کلیدی اہداف لکھے جن سے مجھے تعین کرنے میں مدد ملی کہ میں اپنے اہداف کی طرف بڑھنے میں کامیاب ہو رہا ہوں یا نہیں۔ یہ لکھی ہوئی تحریر ہمیشہ میرے ڈیسک کے سامنے موجود رہتی ہے.
اس اہم قدم کے بغیر آپ کسی بڑے وژن کی جانب بڑھ نہیں سکتے. صرف لکھنے اور مسلسل نظر ڈالنے سے آپ ذہنی طور پر تیار رہتے ہیں جو ترقی کے عمل کو آگے بڑھاتا ہے۔ یہ تحریر ایک چیک لسٹ کی طرح ہے جس پر آپ لاشعوری طور پر کام کرنا شروع کر دیتے ہیں چاہے آپ کے لیے اسے سیکھنا ہی ضروری کیوں نہ ہو۔
یہ بھی پڑھیں: لیو ٹالسٹائی کی کتاب حکمت کا کیلنڈر
سب سے بڑھ کر یہ کہ جب آپ سست پڑتے ہیں یا اپنے مقصد سے ہٹتے جاتے ہیں تو چیک لسٹ اپ کو اپنے مقصد کے ساتھ جوڑنے میں مدد دیتی ہے. انٹرنیٹ کی دنیا مواقعوں سے بھری پڑی ہے. لیکن اس دنیا میں سب کچھ آپ کے لیے نہیں. لہذا اپنے مقصد کے ساتھ جڑنا لازمی ہے.
خلاصہ
کل وقتی ملازمت اور ایک مشترکہ مقصد کے حصول کے لیے کوشاں منظم ٹیم کو چھوڑ کر فری لانسنگ جیسے تنہائی کے سفر پہ نکلنا یقیناً ایک مشکل فیصلہ ہوسکتا ہے۔ لیکن ضروری نہیں کہ آپ تنہا کام کریں. کمیونٹی کا حصّہ بننے کے لیے نت نئے ٹولزہر روز لانچ ہو رہے ہیں جو کمیونٹی کے ساتھ مل کے دور سے کام کرنے کے امکانات کو آسان بنا رہے ہیں۔ یہ پلیٹ فارمز ہم خیال لوگوں اور ان کے مختلف تجربات کو جوڑتے ہیں اور ہر ایک کو کمیونٹی کا بہتر احساس فراہم کرتے ہیں۔
سیکھنے اور بانٹنے سے ہمارا اجتماعی تجربہ پختہ ہوتا ہے اور ہمارا ہنر نکھرتا ہے. یہ تجربہ ہماری آنے والی مشکلات کو آسان بنا دیتا ہے. ۔ مؤثر کمیونیکشن ہمیں اپنے کلائنٹس کے ساتھ جڑنے میں مدد دیتی ہے. ضروری نہیں کہ آپ ہر روز نئے کلائنٹس کو ہی ڈھونڈیں. کسی ایک یا چند ایک سے اچھے روابط کو قائم و دائم رکھ کے بھی آپ فری لانسنگ کی دنیا میں کامیابی کے جھنڈے گاڑ سکتے ہیں.
بس یاد رکھیں کہ ہمیشہ اپنا بہترین دیں اور نتائج کی زیادہ فکر نہ کریں۔