raast ID kya hai راست اکاؤنٹ کیا ہے

راست اکاؤنٹ کیا ہے؟ Raast ID بنانے کا طریقہ اور فائدے

راست Raast پاکستان میں ایک نیا ڈیجیٹل پیمنٹ  سسٹم ہے جسے اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے شروع کیا ہے. اس کا مقصد ملک میں ادائیگیوں کے بنیادی ڈھانچے میں جدت لانا ہے۔ راست فرد واحد اور کاروباری اداروں کو ایک محفوظ اور موثر انداز میں الیکٹرانک طور پرادائیگیوں اور رقوم کی منتقلی کی سہولت دیتا ہے۔

Raast آپ کو ہر بینک کے ساتھ جوڑنے کا ایک ڈیجیٹل نظام ہے۔ یہ ایک بینک اکاؤنٹ سے دوسرے کسی بھی بینک اکاؤنٹ میں رقم منتقل کرنے کا ایک، تیز، محفوظ اور آسان طریقہ مہیا کرتا ہے۔

Raast کے آغاز کے ساتھ پاکستان ان ممالک کے کلب میں شامل ہو گیا ہے جنہوں نے فوری ادائیگی کے نظام کولانچ کیا ہے۔ راسٹ سسٹم مکمل طور پر اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی ملکیت میں کام کرتا ہے۔ پہلے مرحلے کی کامیابی کے بعد اسٹیٹ بینک نے اب Raast پرسن ٹو پرسن (P2P)  بھی متعارف کرا دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ایزی پیسہ اکاؤنٹ بنانے کا طریقہ اور اس کے فوائد

راست پرسن ٹو پرسن فنڈ ٹرانسفر اینڈ سیٹلمنٹ سروسز کے تحت صارفین اپنے بینک کی موبائل ایپلیکیشن کا استعمال کرتے ہوئے اپنے اکاؤنٹس کے ذریعے رقوم بھیج اور وصول کر سکتے ہیں.

  راست کی خصوصیات

راست کی چیدہ چیدہ خصوصیات درج ذیل ہیں جو آپ کی زندگی کو آسان بناتی ہیں۔

١. راست سے متعلق خدمات پر کوئی چارجز نہیں ہیں۔

٢. طویل IBAN نمبروں کو یاد رکھنے کی ضرورت باقی نہیں رہتی۔

٣. کوئی کم از کم لین دین کی حد یا سائز متعین نہیں ہے۔

٤. کسی بھی اکاؤنٹ میں فوری ادائیگی کی سہولت۔

٥. بہترین بین الاقوامی طریقوں اور معیار کے مطابق محفوظ۔

٦. چوبیس گھنٹے دستیاب ہے اور 24/7 ہیلپ ڈیسک سپورٹ۔

راست آئی ڈی

Raast ID ایک شناخت کنندہ (identifier) ہے. فلحال یہ شناخت کنندہ آپ کا رجسٹرڈ موبائل نمبر ہی ہوتا ہے جسے آپ اپنے بینک اکاؤنٹ سے لنک کرلیتے ہیں۔ بینک اکاؤنٹ نمبر شیئر کرنے کے بجائے اب آپ اپنی Raast ID دوسروں کے ساتھ شیئر کر سکتے ہیں اور اپنے لنک کردہ اکاؤنٹ میں فنڈز وصول کرنا اور اس سے ادائیگی کرنا شروع کر سکتے ہیں۔

اگر آپ Raast ID بناتے ہیں تو دوسروں کو آپ کا اکاؤنٹ نمبر یا IBAN یاد رکھے بغیر صرف آپ کے موبائل نمبر کا استعمال کرتے ہوئے آپ کو رقم کی ادائیگی بھیجنے میں مدد ملتی ہے۔ اس سے آپ رقوم کی جلد وصولی کو یقینی بنا سکتے ہیں.

راست ID بنانے کے لیے آپ کو درج ذیل آسان اقدامات پرعمل کرنا ہو گا:

١. اپنے بینک کے فراہم کردہ چینل (موبائل ایپلیکیشن، انٹرنیٹ بینکنگ، کاؤنٹر پر برانچ، USSD) تک رسائی حاصل کریں۔

٣. راست (raast) سروس کا آپشن دیکھیں  یا اس کے بارے میں جانیں 

٣. اپنے اکاؤنٹ سے لنک کرنے کے لیے اپنی اور اپنے موبائل نمبر کی تصدیق کریں۔

٤. آپ کا بینک فوری طور پر آپ کے موبائل نمبر کی تصدیق آپ کی نئی Raast ID کے طور پر کرے گا۔

٥. فی صارف صرف ایک Raast ID اور فی Raast ID ایک اکاؤنٹ کی اجازت ہے۔

راست کے ذریعے فنڈز کی منتقلی

Raast کے ذریعے رقوم کی منتقلی آپ کی اپنی Raast ID کے بغیر بھی ممکن ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کاروبار اور بینکاری : بنیادی معلومات

١. اپنے بینک کے فراہم کردہ چینل (موبائل ایپلیکیشن، انٹرنیٹ بینکنگ، یا برانچ کاؤنٹر) تک رسائی حاصل کریں۔

٢. جس کو پیسے بھیجنے ہیں اس کا IBAN یا Raast ID (موبائل نمبر) یا راست آئی ڈی سے منسلک شدہ بنک اکاؤنٹ نمبر کا اندراج کریں۔

٣. اپنے بینک کی فراہم کردہ لمٹ کے اندر بھیجی جانے والی رقم کی تصدیق کریں۔

آپ کی ادائیگی فوری طور پر منتقل کر دی جائے گی۔

تقریبا تمام بڑے بینک راست نیٹ ورک کے ساتھ منسلک ہیں جو راست کے ذریعے ادائیگی کی سہولت دیتے ہیں. آپ اس سلسلے میں اپنے بینک سے بھی رابطہ کر سکتے ہیں.

ضروری معلومات

١. راست کے ساتھ منسلک کرنے کے لیے آپ کے پاس بینک یا کسی بھی دوسری پیمنٹ سروس (PayPro, SadaPay وغیرہ) میں اکاؤنٹ ہونا ضروری ہے۔

٢. اگر آپ اپنی Raast ID (جیسے فون نمبر) پر ادائیگیاں وصول کرنا چاہتے ہیں تو آپ کو اپنا Raast ID رجسٹر کرنا ہوگا۔ تاہم آپ کو دیگر Raast IDs اور IBANs پر ادائیگیاں بھیجنے کے لیے رجسٹر کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔

٣. فی الحال ایک فرد ایک لنک اکاؤنٹ کے ساتھ صرف ایک Raast ID رجسٹر کر سکتا ہے (قطع نظر اس کے پاس کتنے بھی بینک اکاؤنٹس یا موبائل نمبرز ہوں)۔

٤. آپ اپنی Raast ID کو اپنے موجودہ بینک اکاؤنٹ سے ڈی لنک بھی کر سکتے ہیں اور اس Raast ID کو کسی دوسرے بینک اکاؤنٹ سے دوبارہ لنک کر سکتے ہیں۔ اس کے لیے آپ کو متعلقہ بینک سے رابطہ کرنا ہو گا۔

٥. راست ID میں ترمیم یا اس ڈیلیٹ کرنے کے لیے اپنے Raast ID رجسٹریشن کے لیے استعمال ہونے والے بینک سے رابطہ کرنا ہو گا۔

٦. فی الحال RAAST ٹرانزیکشنز پر کوئی چارجز نہیں ہیں۔

٧. راست کا استعمال بنکوں کی موبائل ایپس، انٹرنیٹ بینکنگ، اور برانچوں کے ذریعے ادائیگیوں کے لیے دستیاب ہے (آپ معتلقہ بینک سے معلومات حاصل کر سکتے ہیں)۔

٨. راست کے ذریعے لین دین کی لمٹ کے بارے میں جاننے کے لیے آپ کو اپنے بینک سے رابطہ کرنا ہو گا۔

٩. راست کا استعمال فی الحال پاکستان کے اندر رقوم کی منتقلی کے لیے کیا جا سکتا ہے۔

١٠. راست کے ذریعے رقوم کی منتقلی مکمل طور پرمحفوظ اور قابل اعتماد ہے۔

١١. راست سے متعلق شکایات کے اندراج کے لیے اپنے بینک کے موجودہ کسٹمر سپورٹ یا ہیلپ لائن کا استعمال کیا جا سکتا ہے۔

راست اکاؤنٹ کے فوائد

راست اکاؤنٹ استعمال کرنے کے کچھ فوائد میں درج ذیل اہم فائدے شامل ہیں:

محفوظ اور تیز: Raast الیکٹرانک طریقے سے رقوم کی منتقلی کا ایک محفوظ اور تیز طریقہ مہیا کرتا ہے جس سے کیش لین دین کی ضرورت کم ہوجاتی ہے۔

کم قیمت: Raast استعمال کرنے کی فیس روایتی ادائیگی کے طریقوں جیسے بینک ٹرانسفر یا کیش ہینڈلنگ سے وصول کی جانے والی فیسوں سے کم ہے۔

آسان: آپ اپنے اسمارٹ فون پر کا استعمال کرتے ہوئے کہیں سے بھی، کسی بھی وقت لین دین کر سکتے ہیں۔ اس کے لیے بنک جانے یا لائن میں کھڑے ہونے کی ضرورت نہیں.

مربوط: راست کا ایک فائدہ یہ بھی ہے کہ یہ مختلف ادائیگی کے نظاموں کے ساتھ مربوط ہے، بشمول بینکوں اور  ادائیگیوں کے گیٹ ویز (جیسے کے SadaPay)، اور ای کامرس پلیٹ فارمز (جیسے کہ Draaz) وغیرہ.

مالی خدمات تک رسائی: Raast کا بنیادی مقصد ایسے افراد جو کسی بھی وجہ سے بینکنگ سروسز سے فائدہ نہیں اٹھا پاتے ان کے لیے مالیاتی خدمات تک رسائی کو آسان بنانا ہے.

راست اورایزی پیسہ اکاؤنٹ میں فرق

Raast اور Easypaisa دونوں پاکستان میں ڈیجیٹل پیمنٹ پلیٹ فارم ہیں لیکن ان میں چند ایک بنیادی فرق ہیں۔

ملکیت: راست کی ملکیت اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے پاس ہے جبکہ ایزی پیسہ ٹیلی نار پاکستان اور تعمیر مائیکروفنانس بنک کی ملکیت ہے۔

فعالیت: Raast ایک پیمنٹ پلیٹ فارم ہے جو بینکوں اور مالیاتی اداروں کو الیکٹرانک طریقے سے رقوم کی منتقلی کے قابل بناتا ہے۔ دوسری طرف ایزی پیسہ ایک موبائل والیٹ ہے جو صارفین کو رقم بھیجنے، وصول کرنے، بل ادا کرنے، موبائل کریڈٹ خریدنے اور مزید بہت کچھ کرنے کی سہولت دیتا ہے۔

انٹیگریشن: Raast مختلف ادائیگی کے پلیٹ فارمز کے ساتھ مربوط ہے، بشمول بینک، پیمنٹ گیٹ ویز، اور ای کامرس پلیٹ فارم وغیرہ۔ دوسری طرف Easypaisa بنیادی طور پر فرد سے فرد (P2P) لین دین کے لیے استعمال ہوتا ہے اور یہ دوسرے ادائیگی کے نظام کے ساتھ وسیع پیمانے پر مربوط نہیں ہے۔

رسائی: ایزی پیسہ کی رسائی Raast کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہے. پاکستان بھر میں ایزی پیسہ کے لاکھوں ایجنٹس ہیں جو کیش ان اور کیش آؤٹ سروسز فراہم کرتے ہیں۔ دوسری طرف Raast ایک نیا پلیٹ فارم ہے اور اب بھی اپنے نیٹ ورک کو بڑھانے کے عمل میں ہے۔

چھوٹے کاروباری افراد کے لیے راست کے فائدے

راست کا استعمال چھوٹے کاروباری مالکان کے لیے کئی طریقوں سے فائدہ مند ہوسکتا ہے:

آسان ادائیگی اور وصولی: Raast کے استعمال سے چھوٹے کاروباری مالکان نقد رقم یا بینک میں ذاتی دورے کے بغیر اپنے صارفین سے آسانی سے ادائیگیاں وصول کر سکتے ہیں۔ ایسے ہی آسانی کے ساتھ اپنے سپلائر کو ادائیگی بھی کر سکتے ہیں. صرف راست ID فراہم کرنے سے وہ ادائیگیوں اوروصولیوں کو الیکٹرانک طور پر منتقل کرا سکتے ہیں۔

وقت اورلاگت میں بچت: رقم کی وصولی اور ادائیگی کے لیے Raast کا استعمال چھوٹے کاروباری مالکان کو لین دین کے معاملات میں وقت کے ضیاع اور اس مد میں فیس کی لاگت سے بچا سکتا ہے. عام طور پرروایتی طریقوں میں کافی وقت صرف ہوتا ہے اور ٹرانزیکشن چارجز بھی شامل کیے جاتے ہیں.

یہ بھی پڑھیں: کاروبار میں لاگت اور اخراجات کو کم کرنے کے 10 طریقے

بہتر کیش فلو مینجمنٹ: Raast چھوٹے کاروباری مالکان کو اپنے لین دین کو مسلسل ٹریک کرنے کے قابل بناتا ہے جس سے انھیں کاروباری کیش فلو کو زیادہ مؤثر طریقے سے منظم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔

مالیاتی خدمات تک رسائی: Raast کا استعمال چھوٹے کاروباری مالکان کے لیے مالیاتی خدمات جیسے کہ قرض کے حصول اور انشورنس وغیرہ تک رسائی میں آسانی پیدا کر سکتا ہے.

بہترساکھ: Raast کے ذریعے الیکٹرانک پیمنٹس کرنا چھوٹے کاروباروں کی ساکھ کو بڑھاتا ہے. دیگر افراد ان سے کاروبار اور لین دین  کے معاملات کو محفوظ سمجھتے ہیں.  کیونکہ راست کا استعمال ایک جدید اور محفوظ طریقہ ہے.

خلاصہ

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے متعارف کرایا گیا راست پیمنٹ سسٹم ملک کے مالیاتی ڈھانچے کو جدید بنانے کی جانب ایک انقلابی قدم ہے۔ Raast ID اس سسٹم کا ایک اہم جزو ہے جو افراد اور کاروباری اداروں کو فوری اور محفوظ ڈیجیٹل ادائیگیاں کرنے کے قابل بناتا ہے۔

Raast ID بنا کر صارفین سہولت، رفتار، اور لاگت میں بچت جیسے فوائد حاصل کرسکتے ہیں۔ محفوظ ہونے اور آسان استعمال جیسی خصوصیات کے ساتھ Raast پاکستانیوں کے مالی لین دین کے طریقے کو تبدیل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

 جیسے جیسے زیادہ لوگ Raast کے فوائد سے واقف ہوں گے ہم ملک میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کی طرف ایک اہم تبدیلی دیکھنے کی توقع کر سکتے ہیں۔ لہذا ضروری ہے کہ نئے آنے والے ڈیجیٹل نظام سے بھرپور فائدہ اٹھایا جاۓ.

اپنا تبصرہ بھیجیں