woman home business

گھریلو خواتین کے لیے 20 سے زائد کاروبار کے آئیڈیاز

اگر آپ ایک گھریلو خاتون ہیں اور گھر سے باہر جا کے نوکری یا کاروبار کرنا آپ کے لئے ممکن نہیں تو آپ کو ایسے کاروباری خیالات سوچنے کی ضرورت ہے جن کی مدد سے آپ گھر میں موجود رہ کے آمدنی پیدا کر سکیں. آج کے دور میں گھر سے کاروبار کرنا پہلے کی نسبت آسان ہو چکا ہے. لیکن اس کے ساتھ ساتھ کافی مسابقتی (competitive) بھی ہوتا جا رہا ہے. اس آرٹیکل میں ہم کچھ ایسے کاروبار کے آئیڈیاز پیش کریں گے جن میں سے کسی ایک کو اختیار کر کے آپ گھر میں کاروبار کرنے اور آمدنی پیدا کرنے کے قابل ہو سکتی ہیں. ہم وقتا فوقتا اس آرٹیکل میں مزید کاروباری آئیڈیاز شامل کرتے رہیں گے. 

گھر سے کاروبار کی ضرورت

حالیہ اندازوں کے مطابق پاکستان کی کل آبادی میں عورتوں کی تعداد تقریبا پچاس فیصد ہو چکی ہے. لہذا ملکی معاشی ترقی کا خواب کسی صورت بھی پورا نہیں ہو سکتا جب تک کے عورتوں کی ایک بڑی تعداد معاشی عمل کا حصہ نہیں بنے گی.  اس ضمن میں ضروری ہے کہ خواتین نہ صرف گھر سے باہر نوکری اور کاروبار کریں بلکہ ایسی خواتین جو کسی بھی مشکل کی وجہ سے گھرسے نکل نہیں پاتیں ان کے لیے بھی مواقع پیدا کیے جایں. یہ اس لیے بھی ضروری ہے تا کہ خاندانوں کی آمدنی میں اضافہ ہو اور وہ مہنگائی اور بڑھتے معاشی بوجھ سے نبرد آزما ہو سکیں. 

ہنر کی ضرورت

ایک بات طے ہے کہ چاہے آپ گھر سے کاروبار کرنا چاہیں یا باہر جا کر بہرصورت آپ کو کسی نہ کسی ہنریا سکل کی ضرورت پڑے گی. آپ کے کاروبار کے سفر میں سب پہلی سیڑھی وہ سکل یا ہنر سیکھنا ہے جس کی بنیاد پر آپ کاروبار کر سکتی ہیں. اگر تعلیم یافتہ ہیں، کم تعلیم یافتہ یا تعلیم کے بغیر ہیں. ہر صورت میں اپنی دلچسپی کے مطابق کوئی نہ کوئی سکل سیکھنا لازمی ہے. ہنر سیکھنے کے بہت سے طریقے ہو سکتے ہیں. ممکن ہے کچھ وقت نکال کہ گھر سے باہر بھی جانا پڑے یاقریب ترین کسی ٹیکنیکل ادارے میں بھی داخلہ لینا پڑے. اس کے علاوہ موجودہ دور میں مختلف سکلز سیکھنے کے لیے یوٹیوب کا استعمال بھی خاصا مشہور ہے. آن لائن شارٹ کورسز بھی کیے جا سکتے ہیں. کسی بھی صورت میں آپ کو کچھ وقت کوئی نہ کوئی سکل پیدا کرنے میں صرف کرنا ہو گا. 

آرٹیکلاعلی تعلیم یا پیشہ ورانہ تربیت – کونسا انتخاب بہترہے؟

آرٹیکلکاروبار میں مہارت (سپیشلائزیشن یا ہنر) کی ضرورت

گھریلو کاروبار کے آئیڈیاز

آنے والے پیرا گرافوں میں کچھ ایسے کاروباری خیالات بیان کیے گئے ہیں جن کو آپ گھر سے سرانجام دے سکتی ہیں. لیکن خیال رہے کہ یہ سب آئیڈیاز ہر کسی کی دلچسپی اور سکل کے مطابق نہیں ہو سکتے. اس کے علاوہ کچھ آئیڈیاز کم تعلیم یا تعلیم کے بغیر خواتین کے لیے ہو سکتے ہیں اور کچھ میں کسی نہ کسی حد تک تعلیم کی ضرورت پڑے گی. تعلیم یافتہ یا غیر تعلیم یافتہ ہونے سے زیادہ ضروری چیزمحنت اوروقت کا بہترین تصرف ہے جس کے بغیر کوئی بھی کام چاہے جتنا بھی اچھا اور آپ کی دلچسپی کے مطابق ہو سرانجام نہیں دیا جا سکتا. 

1. جیولری میکر

موتی اور دلکش اشیا جو کہ عام طور پر کافی کم قیمت میں میسر ہوتی ہیں ان کے ساتھ مصنوعی زیورات بنانا ایک مقبول ترین کاروبار ہے. یہ کاروبار کم لاگت سے شروع کیا جا سکتا ہے۔ آپ یہ زیورات اپنی کمیونٹی میں بیچ سکتے ہیں اور آن لائن فروخت بھی کر سکتے ہیں۔ اگر آپ کو دستکاری کا شوق ہے تو یہ کام پارٹ ٹائم بزنس کے طور پر بھی کرسکتےہیں۔ یہ کام سیکھنے کے لیے نیچے بتائی گئی ویب سائٹ آپ کے لئے معاون ثابت ہو سکتی ہے.

jewellersacademy.com

2. یو ٹیوب بزنس

اگر آپ کے پاس کوئی بھی سکل ہے یا کسی بھی شعبے کا علم ہے تو آپ ضرور اپنا یو ٹیوب چینل شروع کر سکتے ہیں اور دنیا کو اس کے بارے میں سکھا اور بتا سکتے ہیں. اس کام کے لئے ویڈیو بنانا اور آڈیو وغیرہ کے کام کو سمجھنا پڑتا ہے جو کہ اتنا مشکل نہیں ہے. بہتر ہے کہ آپ کچھ عرصے کے لئے کسی ایکسپرٹ کی خدمات حاصل کر لیں. اس کام میں پیسے کی انویسٹمنٹ سے زیادہ آپ کا وقت ، توجہ ، اور تسلسل چاہیے ہوتا ہے. یو ٹیوب کا بزنس کیسے کرنا ہے یہ آپ یو ٹیوب سے ہی سیکھ سکتے ہیں. اس کے علاوہ آپ دیگر ویڈیو ایپلی کیشنز  جیسےکہ tiktok اور Snack Video وغیرہ کا بھی استعمال کر سکتے ہیں. 

3. گریٹنگ کارڈز ، کینڈ لز ، گفٹ ریپس، اور سجاوٹ

بہت سی خواتین تخلیقی ذہن رکھتی ہیں اور مختلف مواقعوں ، پارٹیز، اور فنکشنز کے حوالے سے لوگوں کی مبارکباد دینے ، منانے، اور تحائف دینے کی ضروریات کو بہتر انداز میں سمجتی ہیں. اگر آپ میں بھی یہ صلاحیت موجود ہے تو آپ بہت کم لاگت سے اپنے گھر سے لوگوں کو اپنی تخلیقی خدمات فراہم کر سکتی ہیں. آپ گھریلو تقریبات جیسے کہ برتھ ڈے پارٹی یا شادی وغیرہ پہ سجاوٹ کی خدمات فراہم کر سکتی ہیں. اس کے علاوہ گفٹس رپینگ بھی ایک زبردست سروس ہے جو آپ فراہم کر کے ایک مناسب آمدنی پیدا کر سکتی ہیں. کینڈل میکنگ بھی ایک آسان عمل ہے. نیچے دی گئی کچھ ویب سائٹس یہ سکلز سیکھنے میں آپ کی مدد کر سکتی ہیں. 

greetingsisland.com 

thesprucecrafts.com

oprahdaily.com

4. چائلڈ کیئرسروس

اگر آپ ایک ممی ہیں اور بچوں کی دیکھ بھال بہت اچھے سے کر سکتی ہیں. یا آپ اکیلے پن کا شکار ہیں اور آپ کے پاس دن میں کافی وقت ہوتا ہے تو آج کے دور میں چائلڈ کیئرسروس مہیا کر کے بھی  آمدنی پیدا کی جا سکتی ہیں. اپنے علاقے کی ایسی فیملیز تک رسائی حاصل کریں جن میں مائیں اپنی جابز کی وجہ سے بچوں کی دیکھ بھال میں کمی سے پریشان ہیں. ان کو اعتماد دیں اور اپنے گھر میں ان کے بچوں کی دیکھ بھال کر کے مناسب آمدنی حاصل کریں. اگر آپ کے پاس جگہ کی کمی نہ ہو تو ایک مکمل ڈے کیئر سنٹر بھی بنایا جا سکتا ہے جس میں بچوں کے کھلونے اور لرننگ کا انتظام کیا جا سکتا ہے. 

5. بیوٹی سروس

خواتین کے لیے بیوٹی سروس فراہم کرنا آمدنی پیدا کرنے کا ایک بہترین ذریعہ ہے. لیکن اس سے پہلے کہ سروس فراہم کریں آپ کو یہ سکل سیکھنا ہو گی. اپنے گھر میں کچھ گنجائش پیدا کر کے یہ خدمات فراہم کی جا سکتیں ہیں. اس کے علاوہ آپ بیوٹی پروڈکٹس فروخت کا کام بھی کر سکتی ہیں. آپ کاسمٹکس کمپنیوں سے بھی رابطہ کر سکتی ہیں جو ان کی پروڈکٹس فروخت کرنے پڑ آپ کو کمیشن دیں. بیوٹی سکلز سیکھنے کے لیے یہ ویب سائٹ آپ کے لیے مدد گار ثابت ہو سکتی ہے. اس کے علاوہ قریبی بیوٹی سنٹر، ٹریننگ انسٹیٹیوٹ، یا پھر یو ٹیوب سے بھی یہ سکل سیکھی جا سکتی. 

beautycoursesonline.com

6. پیرنٹنگ کوچ اینڈ کونسلر

کیا آپ کو بچوں کی تربیت کے حوالے سے زیادہ معلومات ہیں یا پھر آپ بچوں کی نفسیات کو بہتر سمجھتی ہیں. اگر ایسا ہے ہے تو اپ ایک بہترین پیرنٹنگ کوچ بن سکتی ہیں. اکثر والدین بچوں کی تربیت اور صحت کے لیے فکرمند ہوتے ہیں. اپنے علاقے کی خواتین کے لیے فری وقت میں اپنے گھر میں کوچنگ کلاسسز رکھ سکتی ہیں اور مناسب فیس وصول کر سکتی ہیں. اس کے ساتھ آپ تعلیم بالغان کا مکمل شعبہ بھی چلا سکتی ہیں. اس حوالے سے یہ ویب سائٹ اپ کے لیے مدد گار ثابت ہو سکتی ہے. 

verywellfamily.com

7. ڈریس میکر ، ڈیزائنراینڈ کنسلٹنٹ

کیا آپ کو ڈریس میکنگ آتی ہے. اگر نہیں تو آپ سیکھ سکتے ہیں. لیکن اپنے آپ کو صرف ڈریس میکر تک محدود نہ رکھیں. اس ہنر کو مزید بڑھایا جا سکتا ہے. مختلف برانڈز کو ڈریس میکرز کے ساتھ ساتھ ڈیزائنرز کی بھی ضرورت ہوتی ہے. اگر آپ میں پہلے سے ہی شوق ہے تو یہ سکل مزید بڑھائی جا سکتی ہے. اس کے علاوہ آپ خواتین کو مختلف فنکشنز کے حوالے سے مناسب ڈیزائن اور رنگوں کے ملبوسات تجویز کرنے میں ایک کنسلٹنٹ کے طور پہ مدد دے سکتی ہیں. اس سلسلے میں آپ بڑے برانڈز کی مناسب پروموشن بھی کر سکتی ہیں اور ان سے بھی معاوضہ وصول کر سکتی ہیں. 

آرٹیکل: ڈریس میکنگ کے متعلق کاروباری آئیڈیاز

8. بلاگنگ یا ویب سائٹ

اگر آپ کو کسی بھی موضوع پہ لکھنے کا شوق ہے تو اس شوق کو بھی اپنے گھر سے بیٹھ کے آمدنی پیدا کرنے کے لئے استعمال کیا جا سکتا ہے. آج کے دور میں لکھنے والوں کے لیے بہت آسانی ہے. آپ کو اپنا لکھا کام کسی پبلشر کو دینے کی ضرورت نہیں. بلکہ آپ اپنا بلاگ یا ویب سائٹ بنا سکتے ہیں. دلچسپ بات یہ کہ آپ اپنا بلاگ اردو زبان میں بھی لکھ سکتے ہیں. اس کے لئے انگلش کی ضرورت نہیں. آپ یہ آرٹیکل بھی ایک بلاگ پہ پڑھ رہے ہیں. اپنی دلچسپی کے کسی بھی موضوع پہ آپ اپنا بلاگ بنایں. بلاگ ویب سائٹ کے ذریعے ایڈورٹائزنگ سے آمدنی پیدا کی جا سکتی ہے. تا ہم یہ سکل بھی سیکھنا ضروری ہے. بصورت دیگر بلاگ یا ویب سائٹ کسی سے بنواۓ بھی جا سکتے ہیں. مدد کے لیے ہم سے رابطہ کر سکتے ہیں. 

9. ہوم بیکری سروس

اکثر خواتین کو بیکری آئٹمز جیسے کیک، پیسٹری، یا دیگر اشیا بنانے کا شوق ہوتا ہے. اگر آپ کو ایسا شوق ہے تو یہ بہت اچھی سکل ہے. اس سکل کو مزید بہتر بنایا جا سکتا ہے. بیکری آئٹمز کی فروخت کے لیے آپ اپنے علاقے میں تشہیر بھی کر سکتے ہیں. اس کے علاوہ اپنے علاقے کی بیکریوں سے معاہدہ بھی کر سکتے ہیں. یہ سکل یو ٹیوب سے بآسانی سیکھی جا سکتی ہے. 

10. سوشل میڈیا مارکیٹراور فری لانسنگ

سوشل میڈیا جیسے کہ فیس بک،انسٹا گرام اور ٹویٹروغیرہ آج کے دور میں مارکیٹنگ اور ایڈورٹائزنگ کے لئے بہترین ذریعہ بن چکے ہیں. آپ مختلف لوکل کاروباروں کو یہ سروس گھر سے بیٹھ کے فراہم کر سکتی ہیں. آپ کو پیجز بنانا، پوسٹیں بنانا، پروموشنل کانٹینٹ لکھنا آنا چاہیے. یہ سب سکلز آپ یو ٹیوب سے سیکھ سکتے ہیں. اس کے علاوہ پنٹرسٹ ایک بہت ہی اچھی ایپلیکیشن ہے جہاں پہ مختلف چیزوں کی خوبصورت تصا ویر بنا کے پروموٹ کی جا سکتی ہیں. اگر آپ میں کوئی دیگر سکلز ہیں جو آن لائن فروخت کی جا سکتی ہیں تو آپ فری لانسنگ کی دنیا میں بھی قدم رکھ سکتی ہیں. 

آرٹیکلفری لانسنگ کیا ہے اور کیسے کی جاتی ہے؟

آرٹیکل: ڈیجیٹل مارکیٹنگ اور اس کی اقسام

11. ہوم فوڈ سروس

اگر آپ ایسے علاقے میں رہائش پزیرہیں جہاں ارد گرد دفاتر یا ہوسٹلز ہیں تو آپ کے لیے ہوم فوڈ سروس کا کام انتہائی منافع بخش ہو سکتا ہے. دفاتر میں اکثرافراد کو لنچ کا مسلہ درپیش ہوتا ہے اور ہوسٹلز میں رہنے والے طلبا و طالبات بھی اس حوالے سے کافی مسائل کا شکار رہتے ہیں. آپ ایک مناسب قیمت رکھ کر گھر کا تازہ پکا کھانا سپلائی کر سکتی ہیں. 

12. فٹنس کوچ

دور حاضر میں جسمانی مشقت میں کمی کی وجہ سے اکثر افراد بلخصوس خواتین فٹنس مسائل کا شکار رہتی ہیں. آپ ایک فٹنیس ایکسپرٹ کی ٹریننگ لے کر اپنے ارد گرد رہنے والی خواتین کو اپنے گھر میں ایک جگہ مختص کر کے فٹنیس کوچنگ دے سکتی ہیں. انھیں ضروری ورزشیں سکھ سکتی ہیں. آگے چل کے اسے ایک مکمل فٹنس سنٹر یا لیڈیز جم میں بھی بدلہ جا سکتا ہے. 

13.  اسلامک ٹیچنگ

کیا آپ کا اسلامک نالج اچھا ہے یا پھر آپ قران کی تعلیم اچھی دے سکتی ہیں؟ آج کل یہ مسلہ بھی خاصا اہم ہے کہ لوگوں بلخصوس خواتین اور بچوں میں اسلامی علم یا شرعی معاملات میں آگاہی کم پائی جاتی ہے. آپ اپنے گھر میں اسلامی تعلیم مہیا کرنے کا انتظام کر سکتی ہیں اور ایک مناسب فیس وصول کر سکتی ہیں. اس کے علاوہ یہی کام آن لائن بھی کیا جا سکتا ہے جہاں آپ دوسرے ممالک بلخصوس یورپ وغیرہ میں رہنے والی مسلمان فیملیز اور ان کے بچوں کو قرآن اور اسلام کی تعلیمات مہیا کر سکتی ہیں. 

14. میچ میکنگ سروس

شادی کے لیے مناسب رشتے نہ ملنا یا خاندانوں کا ایک دوسرے پر اعتماد کی کمی آج کے دور میں نوجوان لڑکے اور لڑکیوں کی شادیوں میں بہت بڑی رکاوٹ ہے. آپ رشتہ شادی سروس کا کاروبار شروع کر سکتی ہیں، جو گھر پر بحیثیت سائیڈ بزنس کرنا آسان ہے۔ آپ کو صرف غیر شادی شدہ مردوں اور عورتوں کی تفصیلات کی ضرورت ہے۔ اور پھر مناسب میچ حاصل ہونے پر آپ رشتہ طے کرا سکتی ہیں. کچھ لوگ اس کاروبار میں پارٹ ٹائم کے طور پر کر کے بہت بڑی رقم کما رہے ہیں۔ اس میں کسی سرمایہ کاری کی ضرورت نہیں۔ آپ اس کاروبار کو بڑھا بھی سکتے ہیں اور آن لائن بھی پھیلا سکتے ہیں. آپ یہ سروس باہر کے ملکوں میں رہنے والی فیملیز کو بھی مہیا کر سکتے ہیں.

آرٹیکلکاروبار اور مارکیٹنگ

15. ہوم لانڈری اور فیبرک ریسٹوریشن

اگر آپ کسی اسے علاقے میں رہتی ہیں جہاں ارد گرد گھروں کی خواتین مصروفیت کی وجہ سے گھروں میں کپڑے واش نہیں کر سکتیں یا ملازمہ نہیں رکھ سکتیں تو یہ آپ کے لئے موقع ہے. اپنے گھر سے واشنگ سروس دی جا سکتی ہے. اس کے ساتھ ساتھ آپ پھٹ جانے والے یا جل جانے والے کپڑوں جیسے کہ بیڈ شیٹس ، پردے، اور ڈریس وغیرہ کی ریپئریا restoration کا کام بھی یو ٹیوب سے سیکھ سکتی ہیں. اکثر لوگوں کو قیمتی کپڑے خراب ہو جانے کی وجہ سے ایسی سروس کی ضرورت پڑتی ہے اور وہ قیمتی کپڑوں کی بحالی کے لیے رقم بھی خرچ کرنے پہ تیار ہوتے ہیں. اس کے علاوہ آپ لوگوں کو ان کی گھریلو پرانی اشیا کی بحالی کی سروس بھی دے سکتی ہیں. یہ ویب سائٹ اس سلسلے میں آپ کے لئے مدد گرد ہو سکتی ہے. 

oldworldrestorations.com

آرٹیکل: بزنس آئیڈیا — موبائل لانڈری

16. گھریلو دستکاری اور کھلونے

دستکاری ایک جمالیاتی حسن رکھتی ہے. ہاتھ کے ہنر سے تیار کردہ خوبصورت اشیا نہ صرف منفرد ہوتی ہیں بلکہ الفاظ بولتی ہیں اور حقیقی معنوں میں بہت سارے شوقین صارفین کو راغب کرسکتی ہے۔ بوتل کے لیمپ، فوٹو فریم، ڈریم کیچرز، وال ہینگس، ڈیکوریشن آئٹمزاور ایک لمبی فہرست ہے جو گھروں میں اکثر استعمال شدہ چیزوں سے تیار کی جا سکتی ہیں۔ اس کے علاوہ آپ بچوں کی دلچسپی کے کی کھلونے بھی بنا سکتی ہیں. تعلیم کی کمی تخلیقی صلاحیتوں کو مات نہیں دے سکتی۔ گھریلو دستکاریاں  خواتین کے لیے بہترین تخلیقی صلاحیتوں کو حاصل کرنے اور اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے پیسہ کمانے کا موقع فراہم کرتی ہیں۔ یہ ویب سائٹ اس سلسلے میں آپ کو بہتر آئیڈیاز دے سکتی ہے. 

vceela.com

17. طوطوں کی افزائش اورفروخت

کیا آپ کو پتہ ہے خوبصورت طوطوں کے شوقین افراد ہر جگہ پاۓ جاتے ہیں. اگر آپ کو بھی پرندوں میں دلچسپی ہے. اوراگر آپ کے گھر میں اوپر کی منزل پر ایسی جگہ میسر ہے جہاں پہ اچھی نسل کے طوطوں کی افزائش کی جا سکے تو یقینا اپنے اس شوق کو بروۓ کار لا کر آمدنی بھی پیدا کی جا سکتی ہے. خوبصورت طوطوں کی تصاویر سوشل میڈیا کے ذریعے پھیلائی جا سکتی ہیں. شوقین افراد اچھی نسل اور خوبصورت طوطوں کے بدلے منه مانگی قیمت ادا کرنے پر راضی ہوتے ہیں. 

18. سبزیوں کی فروخت

اپنے گھر کی چھت کا بہترین استعمال کر کے کچن فارمنگ کے آئیڈیا کے تحت بہترین سبزیاں اگائی جا سکتی ہیں. ان سبزیوں سے نہ صرف آپ گھریلو ضرورت پوری کر سکتی ہیں بلکہ مارکیٹ سے نسبتا کم داموں فروخت کر کے کچھ نہ کچھ آمدنی بھی پیدا کر سکتی ہیں. اس کے علاوہ آپ مارکیٹ سے زیادہ سبزیاں خرید کے صفائی اور کٹائی کرنے کے بعد پیکنگ میں فروزن سبزیاں بھی بیچ سکتی ہیں یا اپنے قریبی اسٹورز کو سپلائی کر سکتی ہیں.  

19. ٹیچر اسسٹنٹ

کیا آپ کو پتہ ہے کہ آج کے دور میں ٹیچرز کے مسائل بہت بڑھ گئے ہیں. پرائیویٹ تعلیمی اداروں کی کوشش یہ ہوتی ہے کہ اسٹاف کم سے کم رکھا جاۓ اور کام زیادہ لیا جاۓ. ان حالات نے اساتذہ کو بہت پریشر میں مبتلا کر دیا ہے. اکثر ٹیچرز اب اپنی کلاسسز کا اچھا خاصا کام گھر میں سرانجام دے رہے ہوتے ہیں. اگر آپ کے پاس مناسب تعلیم ہے تو آپ ایسے ٹیچرز تلاش کر سکتی ہیں جن کواپنا کام جیسے کہ پیپر مارکنگ، ڈیٹا انٹری، یا لیسسن پلان وغیرہ کی تیاری کے لیے مدد کی ضرورت ہو. ان سے چند دن کی ٹریننگ حاصل کر کے پرائیویٹ اسسٹنٹ کے طور پر کام کر سکتی ہیں اور اپنے گھر میں بیٹھ کے ان کا کام سرانجام دے سکتی ہیں. 

20. ہوم شاپ

ممکن ہے آپ کے گھر میں کسی ایک طرف کوئی تبدیلی کر کے ایک شاپ بننے کی گنجائش ہو. اگر ایسا ممکن ہے تو آپ اپنے محلے یا علاقے کے لیے ایک چھوٹے سائز کی شاپ بنا سکتی ہیں. جہاں پہ روز مرہ کی کچن کی ضروریات یا پھر بچوں کی پڑھائی کی ضروریات کے حساب سے سامان رکھ کے فروخت کیا جا سکتا ہے. اس سے آپ علاقے کی خواتین کا بڑا مسلہ حل کر کے آمدنی پیدا کر سکتی ہیں. یہ شاپ کچھ رقم قرض لے کے بھی شروع کی جا سکتی ہے.  

21. وائس آرٹسٹ

کیا آپ کو کسی بھی زبان پہ عبور حاصل ہے؟ یا آپ کو روانی سے اور بہترین تلفظ کے ساتھ کسی بھی زبان میں بولنا آتا ہے. تو یہ بھی آج کے دورمیں ایک بہترین سکل ہے. آپ وائس اوور آرٹسٹ کے طور پر کام کر سکتی ہیں. بعض افراد میں اچھا بولنے کی صلاحیت قدرتی طور پر بھی پائی جاتی ہے. اگر ایسا ہے تو آپ ایک بہترین وائس آرٹسٹ بن سکتی ہیں. اکثر یو ٹیوب چینلز کو بھی وائس آرٹسٹس کی ضرورت ہوتی ہے. یہ ویب سائٹ اس حوالے سے آپ کے لیے مدد گار ہو سکتی ہیں. 

Voice.com

22. آن لائن شاپ یا ای اسٹور

اگر آپ کو ایک فزیکل شاپ میں دلچسپی نہں تو اپنی من پسند چیزیں بیچنے کے لیے آپ آن لائن شاپ یا ای اسٹور بھی بنا سکتی ہیں. اس کے علاوہ آپ Daraz.PK پہ اپنا ای اسٹور بھی چلا سکتی ہیں. ان سب کاموں کے لیے زیادہ سرمایاکاری کی ضرورت نہیں. آپ کو ضروری ٹریننگ اور مستقل مزاجی سے کام کرنے کی ضرورت پڑے گی. 

گھر میں کاروبار میں مشکلات

گھر سے کاروباروں کی اوپر بیان کی گئی فہرست کوئی فائنل نہیں ہے. ان کے علاوہ بھی کئی کام ہو سکتے ہیں جو گھر سے سرانجام دیے جا سکتے ہیں. لیکن گھر سے کاروبارکرنا دیکھنے میں بہت آسان لگتا ہے مگر اس میں کافی مشکلات بھی درپیش ہوتی ہیں. سب سے بڑی مشکل یہ کے گھر کا اپنا ایک ماحول ہوتا ہے جو کہ کاروباری کام کاج کے لیے ہر طرح سے موزوں نہں ہوتا. جس کی وجہ سے کوئی بھی کام پوری توجہ اور تندہی سے سرانجام دینا ممکن نہں ہوتا. گھریلو مصروفیت کی وجہ سے کام کاج میں خلل پیدا ہوتا ہے جو آپ کے گاہکوں کی تسلی کو متاثر کر سکتا ہے. لہذا گھر سے کاروبار کی کامیابی کے لیے ضروری ہے کے آپ اپنا وقت اور جگہ مختص کریں اور پوری توجہ اور تندہی سے کاروباری امور سرانجام دیں. 

اہم نقطہ: اگر آپ کاروبار میں کامیابی چاہتے ہیں تو اس کے لیے لوگوں کے مسائل سے واقفیت حاصل کریں اور پھر کسی خاص مسلے کے حل کے لیے پروڈکٹ یا سروس پیش کریں.