ڈیجیٹل مارکیٹنگ digital marketing

ڈیجیٹل مارکیٹنگ اور چھوٹے کاروبار

جب بھی چھوٹے کاروبار شروع کیے جاتے ہیں تو انھیں تشہیر کی اشد ضرورت ہوتی ہے. ڈیجیٹل مارکیٹنگ (Digital Marketing) اس سلسلے میں بہت مدد گار ثابت ہو سکتی ہے. ایک نۓ کاروبار کی توجہ اکثر اس بات پر ہوتی ہے کہ سب سے پہلے نئی خدمات یا نئی مصنوعات کی طرف گاہکوں کو کیسے راغب کیا جائے۔ اکثر اوقات وہ اشتہار بازی کے روایتی طریقوں پر انحصار کرتے ہیں جیسے کہ پرنٹ اشتہارات وغیرہ۔

ایک مسلہ جو انھیں درپیش آتا ہے وہ یہ کہ روایتی تشہیر بازی کا طریقہ کافی مہنگا ہوتا ہے اور عموما نئے کاروباری افراد نے اس کے لیے خاص رقم مختص نہیں کی ہوتی. اس لیے گاہکوں کو راغب کرنا ایک مشکل عمل اختیار کر لیتا ہے. ایسا نہیں ہے کہ اس مسلے کا شکار صرف نئے کاروبار ہی ہو سکتے ہیں بلکہ پرانے چلنے والے کاروباروں کو بھی مارکیٹ میں اپنی پوزیشن برقرار رکھنے یا فروخت میں اضافے کے لیے مؤثر ایڈورٹائزنگ کی ضرورت ہوتی ہے.

اگرچہ روایتی اشتہار بازی کی حکمت عملی کاروبار میں تیزی لا سکتی ہے لیکن موجودہ دور میں تشہیر کا ایک بہتر اور آسان طریقہ بھی موجود ہے۔ بلخصوس چھوٹے کاروباروں کو آن لائن ایڈورٹائزنگ کے امکانات پرغور کرنا چاہیے اور اپنی روایتی اور ڈیجیٹل مارکیٹنگ کو یکجا کرنے سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ کوئی بھی چھوٹا کاروبار چاہے کتنا ہی نیا یا پرانا کیوں نہ ہو اسے موجودہ دور میں ڈیجیٹل چینلز کے طور طریقوں کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔

آرٹیکل: کاروبار اور مارکیٹنگ

آئیے ڈیجیٹل مارکیٹنگ کے فوائد اور آپ کے کاروبار کو بڑھانے میں مدد کے لیے آن لائن پلیٹ فارمز کے استعمال کے بارے میں تفصیل سے پڑھتے ہیں۔

آن لائن مارکیٹنگ کے فوائد

ڈیجیٹل مارکیٹنگ

آن لائن مارکیٹنگ کے ذریعے اپنے ممکنہ گاہکوں کو آپ ڈیجیٹل دنیا میں تلاش کر سکتے ہیں. آن لائن دنیا میں آپ کے پوٹینشل گاہکوں کا ایک بہت بڑا گروپ ہو سکتا ہے جس تک آپ کبھی بھی صرف مقامی طور پر متوجہ رہ کر نہیں پنچ سکتے. ڈیجیٹل مارکیٹنگ کے چند اہم فوائد میں شامل ہیں:

١. ڈیجیٹل مارکیٹنگ کے ذریعے آپ کو موجودہ اور ممکنہ گاہکوں کے ساتھ بات چیت کرنے اور بالکل وہی کچھ سمجھنے کی صلاحیت حاصل ہوتی ہے جس کی وہ تلاش کر رہے ہیں. یعنی آپ اپنے صارفین کو بہتر طور پر جان سکیں سکتے ہیں.

٢. آن لائن مارکیٹنگ سے کسی سے بھی اور کہیں بھی پہنچنے کی صلاحیت ہوتی ہے کیونکہ ڈیجیٹل دنیا کی کوئی جغرافیائی حدود نہیں ہیں۔

٣. ڈیجیٹل تشہیر بازی آپ کو موقع دیتی ہے کہ آپ صحیح وقت پر صحیح سامعین کو ٹارگٹ کر سکیں. خاص طور پر ایسے وقت پر جب وہ آپ کی پیش کردہ مصنوعات یا خدمات کے بارے میں تلاش کر رہے ہوں.  

٤. آپ خریداری کے عمل کے ہر مرحلے پر اپنے گاہکوں کے ساتھ بات چیت کر سکتے ہیں اور ان کا فیڈبیک حاصل کر سکتے ہیں.

٥. ڈیجیٹل ایڈورٹائزنگ سے آپ پیسے بچائیں گے اور کم خرچ میں زیادہ گاہکوں اور صارفین تک پہنچیں گے۔

٦.ڈیجیٹل مارکیٹنگ کے طریقے اپنانے سے آپ آسانی سے اور فوری طور پر اپنی مارکیٹنگ کی کوششوں کو ٹریک کر سکتے ہیں اور حاصل ہونے والے فوائد کا جائزہ لے سکتے ہیں. یعنی cost-benefit analysis کر سکتے ہیں.

ڈیجیٹل مارکیٹنگ کی ضرورت

چھوٹے کاروباروں کے لیے ڈیجیٹل مارکیٹنگ شروع کرنا لامتناہی مواقعوں کا باعث بن سکتا ہے. لیکن اکثر اوقات چھوٹے کاروباری افراد کو ڈیجیٹل مارکیٹنگ خوفناک لگتی ہے کیونکہ انھوں نے اسے پہلے کبھی اپنے کاروبار کے لیے استعمال نہیں کیا ہوتا۔ ایسا بھی ہوتا ہے کہ کچھ افراد کو لگتا ہے وہ ایسی مصنوعات بیچ رہے ہیں جنہیں آن لائن مارکیٹ کرنا بہت مشکل ہے. یاد رہے آن لائن مارکیٹنگ اور آن لائن فروخت میں فرق ہے. آپ کا کاروبار جس بھی نوعیت کا ہو اس کی آن لائن مارکیٹنگ کے مواقعے بہرحال موجود ہوتے ہیں. سب سے بڑھ کر یہ کہ آپ ممکنہ گاہکوں کے علاقوں کی حدود میں بھی ڈیجیٹل ایڈورٹائزنگ کر سکتے ہیں.

آرٹیکل: ڈیجیٹل مارکیٹنگ اور اس کی اقسام

آن لائن دنیا پھیل رہی ہے جس میں آپ کہ گاہکوں کی تعداد دن بدن بڑھ رہی ہے. اگر آپ اس جگہ پر موجود نہیں ہوں گے جہاں کاروبار کے ممکنہ گاہک وقت گزارتے ہیں تو یقینی طور پر آپ اپنے کاروبار کو پیچھے دھکیل رہے ہیں۔ ایک رپورٹ کے مطابق تقریبا 5 بلین لوگ کئی وجوہات کی بنا پر انٹرنیٹ استعمال کرتے ہیں۔ عالمی ڈیجیٹل جائزہ رپورٹ 2021 کے مطابق دنیا کی 60٪ سے زائد آبادی تک انٹرنیٹ رسائی ہے۔ لہذا آن لائن موجودگی میں تاخیر کاروبار کے لیے مؤثر طریقہ نہیں ہے۔ کامیابی کو یقینی بنانے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ آن لائن دنیا میں اپنے کاروبار کی تشہیر بازی کو فروغ دیا جائے اور ان صارفین کو اپنی طرف متوجہ کرنے کے لیے ٹارگٹنگ کا استعمال کریں جو آپ کی خدمت یا مصنوعات میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

ڈیجیٹل مارکیٹنگ اور حریفوں تک رسائی

کاروبار کے کامیاب ہونے کے لیےاس بات پر توجہ دینے کی ضرورت ہوتی ہے کہ آپ کے حریف کیا کر رہے ہیں اور ان  سے آپ کی سیکھ سکتے ہیں۔ اپنے حریفوں کو فتح کرنے یا شکست دینے والوں کے طور پر نہ سمجھیں بلکہ ایسے لوگوں کے طور پر جانیں جن کے پاس آپ کو سکھانے کے لیے بہت کچھ ہے۔

جب آپ دیکھیں گے کہ آپ کے حریف آن لائن کیا کر رہے ہیں تو آپ کو کچھ اندازہ ہو جائے گا کہ وہ کن کاموں پہ توجہ دے رہے ہیں اور کن پہ نہیں. وہ اپنے برانڈ کو کیسے بتاتے ہیں اور کیا چیز انہیں منفرد بناتی ہے؟ وہ اپنے گاہکوں کے ساتھ کتنی اچھی طرح سے مشغول ہیں؟ آپ ان کو دیکھ کہ کیا بہتر کر سکتے ہیں؟ آن لائن دنیا میں ایسے کئی ٹولز ہیں جو آپ کو مسابقتی جائزہ (Competitive Analysis) کرنے میں مدد دے سکتے ہیں. ان سے فائدہ اٹھانے کے لیے کسی ایس ای او ایکسپرٹ کی خدمات حاصل کی جا سکتی ہیں.

اپنے صارفین کے لیے قابل رسائی بنیں

جیسا کہ ہم پہلے ہی بات کر چکے ہیں آپ کے کاروبار کو وہاں موجود ہونا ضروری ہے جہاں آپ کے گاہک زیادہ تر وقت گزارتے ہیں. صاف ظاہر ہے وہ آن لائن جگہ ہے۔ کوئی بھی شخص جو بھی پروڈکٹ یا سروس تلاش کرتا ہے وہ عام طور پرگوگل سے اپنی تلاش شروع کرتا ہے۔ اگر آپ کی آن لائن موجودگی نہیں ہے تو لازمی طور پر وہ آپ تک نہیں پنہچ پاۓ گا. ایسے میں دن بدن آپ مقابلے سے باہر ہوتے جایں گے۔ لیکن صرف آن لائن موجود ہونا ہی کافی نہیں ہے کیونکہ وہاں آپ کے بیشمار حریف موجود ہیں. اگر آپ کی آن لائن موجودگی ہے لیکن آپ کے بجاۓ حریفوں کو تلاش کرنا آسان ہے تو وہ گوگل سرچ میں  اعلیٰ درجہ پر ہیں. اس کے لیے آپ کو لازمی طور پر ڈیجیٹل مارکیٹنگ اور سرچ انجن آپٹیمائزیشن (SEO) کی ضرورت پڑے گی.

آرٹیکل: روایت پسندی سے ڈیجیٹلائزیشن کا سفر

اپنے کاروبار کو ان لوگوں تک رسائی کے قابل بنانے کے طریقے کے طور پر ڈیجیٹل مارکیٹنگ کے بارے میں سوچیں جنہیں آپ ٹارگٹ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ آپ کے کاروبار کی پہنچ آپ کے علاقے سے بھی آگے بڑھ سکتی ہے اور اس کا پھیلاؤ ایک حقیقت بن سکتا ہے۔

اپنے ٹارگٹ سامعین کو جانیں

ڈیجیٹل مارکیٹنگ کی خوبصورتی یہ ہے کہ یہ آپ کو ممکنہ گاہکوں کے ساتھ مشغول ہونے کی اجازت دیتی ہے۔ آپ گاہکوں کی ضروریات کے بارے میں آگاہی حاصل کر سکتے ہیں اور پھر اپنی مصنوعات اور خدمات کو گاہکوں کی توقع کے مطابق ڈھال سکتے ہیں۔

سوشل میڈیا پر یا اپنے بلاگ کے ذریعے آپ مستقبل کے گاہکوں سے گفتگو شروع کر سکتے ہیں یا ان کی بصیرت حاصل کرنے کے لیے مختلف سروے چلا سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ کسی بھی تبصرے یا سروے کے جوابات پر توجہ دے سکتے ہیں۔ خاص طور پر ایسے صارفین کا فیڈبیک بھی حاصل کر سکتے ہیں جو آپ کی سروسز استعمال کر چکے ہیں. اچھے فیڈبیک کو دوسروں کو دکھانا اور بھی آسان ہو جاتا ہے. ایسا فیڈبیک، گاہکوں کے خیالات اور ان کی گفتگو خراب کاروباری معاملات کی جلد درستگی کا باعث بھی بنتی ہے. لہٰذا ڈیجیٹل مارکیٹنگ کا استعمال نہ صرف کاروبار کی تشہیر کا سستا ذریعہ ہے بلکہ اس کے ذریعے آپ کو اپنے کاروبار کو گاہکوں کے معیار کے مطابق مسلسل بہتر بنانے کا بھی موقع ملتا ہے.

کم لاگت میں زیادہ مارکیٹنگ کریں

چھوٹے کاروبار اور اسٹارٹ اپ ہمیشہ محدود مارکیٹنگ بجٹ پر انحصار کرتے ہیں. اس لیے وہ اپنی مارکیٹنگ کے کوششوں کے ذریعے زیادہ سے زیادہ فوائد حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ آن لائن تشہیر آپ کے محدود بجٹ پر مشتمل ایڈورٹائزنگ کے فوائد کو مزید بڑھا سکتی ہے اور آپ کو اپنے مخصوص ہدف والے سامعین تک اپنا پیغام کم لاگت میں پہنچانے کے قابل بنا سکتی ہے۔ سوشل میڈیا اس کے لیے خاص طور پر اچھا ہے کیونکہ یہ آپ کو ایسے ٹارگٹ سامعین کے حساب سے یومیہ بجٹ ترتیب دینے کے قابل بناتا ہے جو آپ کے برانڈ یا خدمات میں دلچسپی رکھتے ہوں۔ سب سے اہم بات یہ کہ ڈیجیٹل ایڈورٹائزنگ آپ کو اپنے سامعین میں سے ان لوگوں کو خارج کرنے کی اجازت دیتی ہے جو آپ سے کبھی نہیں خریدیں گے. اس سے آپ کے وقت اور پیسے کی بچت ممکن ہوتی ہے.

خلاصہ

کامیاب کاروباری افراد اس بات کا ادراک بخوبی رکھتے ہیں کہ کاروباری ماحول اور مارکیٹ کے حالات وقت کے ساتھ ساتھ بدلتے رہتے ہیں. خاص طور پر گاہکوں کے رجحانات میں تبدیلی آنا ایک تسلیم شدہ حقیقت ہے. ایسے میں جو کاروبار خود کو گاہکوں کے رجحانات کے مطابق ڈھالتے ہیں وہی لمبے عرصے تک مارکیٹ میں زندہ رہتے ہیں. موجودہ دور میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کا کثیر استعمال گاہکوں کے رجحانات میں واضح تبدیلی کا باعث بن چکا ہے. لہذا ڈیجیٹل دنیا سے جڑے رہنا تقریبا ہر کاروبار کی بقا کے لیے ایک لازمی جزو کے طور پہ دیکھا جا رہا ہے. ڈیجیٹل مارکیٹنگ اس نئی دنیا میں آپ کے کاروبار کی پہچان کا واحد ذریعہ ہے.