dhrabi dam

پنجاب کے ضلع چکوال کا دھرابی ڈیم

پاکستان قدرتی حسن سے مالا مال ملک ہے۔ شمالی علاقہ جات اور کشمیرسے لے کر پنجاب، سندھ اور بلوچستان تک ایسے بے شمار مسحور کن مقامات ہیں جو قدرت کی شان و شوکت کی جھلک پیش کرتے ہیں۔ بہت سے سیاحتی مقامات کی مقبولیت کے باوجود ابھی بھی کئی پوشیدہ مقامات ایکسپلور کیے جانے کے منتظر ہیں. ایسا ہی ایک مقام پنجاب کے  ضلع چکوال میں واقع دھرابی ڈیم (Dharabi Dam) ہے۔

دھرابی ڈیم کا پرامن اور پرسکون ماحول ایک شاندار منظر پیش کرتا ہے جو دیکھنے والوں کو مسحور کر دیتا ہے۔ ڈیم کا پرسکون اور ساکت پانی اس کے آس پاس کے خوبصورت مناظر کا عکاس ہے. یہ ڈیم فطرت کی خوبصورتی سے لطف اندوز ہونے کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے۔

    ڈیم تک رسائی

دھرابی ڈیم کے بارے میں سب سے اچھی بات یہ ہے کہ لاہور تا اسلام آباد موٹر وے سے سفر کرتے ہوئے اس تک رسائی انتہائی آسان ہے. اگر آپ دھرابی ڈیم کے خوبصورت مقام سے لطف اندوز ہونا چاہیں تو لاہور تا اسلام آباد (یا برعکس) سفر کرتے ہوئے آپ کو بس دو گھنٹوں کا اضافی وقت نکالنا ہو گا.

موٹروے کو بلکسر انٹر چینج پر چھوڑتے ہوئے چکوال کی طرف مڑیں تو فوری طور پر دائیں ہاتھ آپ کو دھرابی ڈیم کی طرف جانے والی ایک سائیڈ سڑک ملے گی۔ سڑک پکی شروع ہوتی ہے لیکن بعد میں ایک کچے راستے میں بدل جاتی ہے جو بہرحال گاڑی ڈرائیور کرنے کے لیے انتہائی سہل ہے۔ تقریبا 5 کلومیٹر کی مختصر ڈرائیو میں آپ دھرابی ڈیم کے دلکش مقام پر پہنچ جائیں گے۔

   ڈیم کا منظر

دھرابی ڈیم پنجاب کے بڑے ڈیموں میں سے ایک ہے جو دریائے سوان میں گرنے والی ندی “دھراب” پہ بنایا گیا ہے۔ اس کی تعمیر ارد گرد کے علاقوں کو آبپاشی اور بجلی کی پیداوار کے لیے پانی فراہم کرنے کے لیے کی گئی تھی۔ اس کی تعمیر 2009 میں مکمل ہوئی. ڈیم میں پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش 37000 ایکڑ فٹ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: زمین کے بارے میں 9 دلچسپ حقائق

جب آپ ڈیم پر پہنچیں گے تو اس مقام کی خوبصورتی دیکھ کر مسحور ہوئے بغیر نہیں رہ سکیں گے۔ ڈیم پوٹھوہاری طرز کے خوبصورت پہاڑوں اور سرسبز و شاداب کھیتوں سے گھرا ہوا ہے جو اسے پکنک اور کیمپنگ کے لیے بہترین جگہ بناتے ہیں۔ ڈیم کا پانی بالکل صاف دکھائی دیتا ہے اور ٹھنڈی ہوا موسم کو مزید خوشگوار بنا دیتی ہے۔

ڈیم کے ساتھ ہی متصل پنجاب ٹورازم کارپوریشن نے ایک خوبصورت ریزورٹ بھی تعمیر کر رکھا ہے جو اونچائی پہ واقع ہونے کی وجہ سے ڈیم کا اور بھی حسین منظر پیش کرتا ہے. اگر آپ ریزورٹ میں رات کو قیام کر سکیں تو نہ صرف غروب آفتاب اور طلوع آفتاب کے دلکش مناظر سے بھی لطف اندوز ہو سکتے ہیں بلکہ حسین ستاروں کے نیچے رات گزارنے کا لطف بھی اٹھا سکتے ہیں۔

ڈیم میں تیراکی اور مچھلی پکڑنے کی ممانعت ہے. لیکن آپ ضروری احتیاطی تدابیر اپنا کر کشتی رانی سے ضرور لطف اندوز ہو سکتے ہیں.

سالٹ رینج کے خوبصورت پہاڑی سلسلوں کے درمیان واقع  دھرابی ڈیم شاندار قدرتی حسن اور سحر انگیز خصوصیات کا حامل ایک مسحور کن مقام ہے۔

یہ بھی پڑھیں:چاند کی تاریخ اور اس کے بارے میں 11 دلچسپ حقائق۔

یہاں آپ کوسرسبز و شاداب اور کرسٹل صاف پانیوں کا ایک دلکش منظر دیکھنے کو ملے گا۔ ڈیم کے آس پاس کا سکون شہر کی زندگی کی ہلچل سے بچنے اور فطرت کے حسن میں غرق ہونے کے لیے ایک بہترین ماحول فراہم کرتا ہے۔ 

بلاشبہ ڈیم کا قدرتی محل وقوع، صاف شفاف پانی، پرسکون ماحول، طلوع آفتاب اور غروب آفتاب، کیمپنگ اور پکنکنگ کے مقامات فطرت سے محبت کرنے والوں اور ایڈونچر کے شوقین افراد کے لیے اسے ایک آئیڈیل مقام بناتے ہیں۔ امید ہے آپ یقینا دھرابی ڈیم کی سیر کرنا چاہیں گے.

اپنا تبصرہ بھیجیں