کاروبار کے لئے کیش فلو فنانسنگ کا آئیڈیا

پاکستان میں کاروبار کے لئے قرض حاصل کرنا ایک مشکل کام ہے. بنک سے تب تک قرض نہیں مل پاتاجب تک کہ مخصوص اثاثوں کو ضمانت کے طور پر نتھی نہ کیا جاۓ. یہ نہ صرف چھوٹے کاروباری افراد کے لئے ایک انتہائی مشکل صورتحال کی وجہ بنتا ہے بلکہ اچھے خاصے قائم شدہ کاروبار بھی بعض اوقات اس مشکل کا سامنا نہیں کر پاتے. کاروبار میں اکثر اوقات قرض کی ضرورت محدود مدّت کے لئے ہوتی ہے تا کہ سیزنل حالات یا خریداری کی ضروریات کو پورا کیا جا سکے. مگر بنکوں کا نظام ایسا ہے کہ وہ انتہائی کم عرصے کے لئے بھی بغیر کسی فکسڈ اثاثے کی ضمانت کے کاروباری افراد کو سپورٹ فراہم نہیں کر پاتے. ایسے میں کیش فلو فنانسنگ ایک ایسا حل ہے جس کو پاکستان میں عام کرنا بہت ضروری ہے.   

کیش فلو فنانسنگ

کیش فلو فنانسنگ سے کیا مراد ہے؟ یہ کاروبار کے لئے قلیل مدتی مالی ضرورتوں کو پورا کرنے کے لئے Running Finance حاصل کرنے کا ایک طریقہ ہے جس کے ذریعہ کاروبار کو بنک سے قرض مل سکتا ہے. لیکن اس قرض کو کاروبار کے جسمانی یا فکسڈ اثاثوں کے بجاے آئندہ عرصے میں فروخت سے متوقع نقد بہاؤ (Expected Cash Flow) کی ضمانت حاصل ہوتی ہے۔ کسی بھی کاروبار کا نقد بہاؤ ایک مخصوص مدت میں کاروبار میں آنے اور جانے والی رقم کی مقدار ہے۔ کیش فلو قرض ملنے کی صورت میں اس کی ادائیگی کے لیے آئندہ ایک مخصوص عرصے میں پیدا شدہ کیش فلو کا استعمال کیا جاتا ہے۔

پیسے کا مثبت نقد بہاؤ اور قرض

اگر کوئی کاروبار مثبت نقد بہاؤ (Positive Cash Flow) پیدا کرتا ہے تو اس کا مطلب ہے کہ وہ مالی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کے لیے اپنی آمدنی سے کافی نقد رقم مہیا کر رہا ہے۔ بینک یا دیگر قرض فراہم کرنے والے ادارے مثبت نقد بہاؤ کو چیک کرتے ہیں تاکہ اس بات کا تعین کیا جا سکے کہ وہ کتنا قرض کتنے عرصے کے لئے جاری کر سکتے ہیں. متوقع مثبت کیش فلو کے پیش نظر نہ صرف مختصر بلکہ طویل مدت کے لیے بھی قرض حاصل کیا جا سکتا ہے۔ کیونکہ ایسا بھی ہوتا ہے کہ کاروبار کو سرمایا کاری کہ لئے ایک سال سے زائد کا عرصہ چاہیے ہو تا کہ متوقع رقم ریونیو کی صورت میں حاصل کی جا سکے. 

آرٹیکلکاروبار کے لئے قرض کیسے حاصل کریں

اکثر کاروبار فنانسنگ کے اس ذرائع کو استعمال کر سکتے ہیں اگرانھیں اپنے معمولات کو جاری رکھنے کہ لئے فنڈز کی ضرورت ہے. اس کہ علاوہ اس طریقہ کار کو دوسرا کاروبار خریدنے یا کسی  بڑی خریداری کہ لئے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے. قرض کی رقم مستقبل کے متوقع  مثبت نقد بہاؤ کے ایک حصے کے طور پر حاصل کی جا سکتی ہے. بینک یا قرض دہندگان درخواست دھندہ کاروبار کی طرف سے جمع کرائی گئی مستقبل کی متوقع کیش فلو سٹیٹمنٹ کا جائزہ لے کر قرض کی ادائیگی اور واپسی کا شیڈول مرتب کرتے ہیں۔ وہ اس شیڈول کی بنیاد پر ہی قرض کی منظوری دیتے ہیں. 

کیش فلو فنانسنگ کی ضرورت کیوں؟

کسی بھی کاروبار کو چاہے وہ چھوٹا ہو یا بڑا اسے نقد بہاؤ یعنی کیش فلو میں عارضی کمی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ایسا درج ذیل وجوہات کی بنا پر ہو سکتا ہے. 

١. سیزنل یعنی موسمی تغیر کی وجہ سے نقد فروخت میں کمی ہو سکتی ہے۔

٢. ایک کاروبارکوکسی بھی نقصان کی صورت میں غیر متوقع اخراجات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

٣. ایک مہنگا نیا پروجیکٹ شروع کرنا یا کوئی بڑی خریداری کی وجہ سے بھی نقد بہاؤ میں خلا پیدا ہو سکتا ہے۔

٤. کسی خاص وقت کے موقع سے فائدہ اٹھانے سے بھی عارضی  کیش فلو میں کمی آ سکتی ہے جیسا کہ زیادہ چھوٹ پر سامان خریدنا وغیرہ. 

٥. ضروری سامان یا مشینری کی ہنگامی مرمت کرنے کی ضرورت بھی پڑ سکتی ہے۔

ان کے علاوہ بھی کئی وجوہات ہو سکتی ہیں جب کہ کسی بھی کاروبار کو نقد بھاؤ میں کمی کی وجہ سے کیش فلو فنانسنگ کی ضرورت پڑ سکتی ہے.

کیش فلو کی دستاویز یا سٹیٹمنٹ اور تخمینہ

کسی بھی کاروبار کے نقد بہاؤ کو ظاہر کرنے کے لئے ایک دستاویز تیار کی جاتی ہے جسے کیش فلو سٹیٹمنٹ کہا جاتا ہے. اس دستاویز میں کاروبار کی تمام سرگرمیوں کے نتیجے میں پیدا ہونے والے کیش فلوز کو رپورٹ کیا جاتا ہے.  یہ دستاویز کسی بھی کاروبار کی خالص آمدنی یا کیش پوزیشن کو ظاہر کرتی ہے. اس کی تیاری کے لئے کاروباری سرگرمیوں کو تین حصوں میں تقسیم کیا جاتا ہے. 

١. روز مرہ کے کاموں کو آپریٹنگ سرگرمیاں کہا جاتا ہے. ان کہ نتیجے میں پیدا ہونے والے نقد بہاؤ کو آپریٹنگ کیش فلوکہتے ہیں. ان میں سپلائرز کے بلز ہوتے ہیں جو بزنس کی طرف سے ادا کیے جاتے ہیں اور فروخت سے حاصل ہونے والی آپریٹنگ آمدنی بھی شامل ہوتی ہے۔ 

٢. دوسری قسم سرمایہ کاری کی سرگرمیاں ہوتی ہیں. ان کے تحت کاروبار کی طرف سے کسی دوسری جگہ سرمایا کاری یا خود کاروبار  میں آنے والی سرمایہ کاری کا حساب کیا جاتا ہے. 

٣. تیسری قسم  فنانسنگ کی سرگرمیاں کہلاتی ہیں. جیسے کہ قرضے کے ذریعے سرمایہ بڑھانا یا مالکان کی جانب سے کیپٹل مہیا کرنا وغیرہ. 

تینوں قسم کی سرگرمیوں سے حاصل شدہ کیش فلو کو جمع کرنے سے کاروبار میں مثبت یا منفی نقد بہاؤ اخذ کیا جاتا ہے. کیش فلو فنانسنگ کی درخواست دینے کے لئے مستقبل کی ضرورت کے عرصے کی ان تمام متوقع سرگرمیوں کا جائزہ لینا ضروری ہے تا کہ کیش فلو کا درست اندازہ لگایا جا سکے. اسی اندازے کو بنک قرض کے سائز کا تعین کرنے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔ 

اس ضمن میں بینک خاص طور پرادھارفروخت کے اکاؤنٹس کی وصولیوں اور ادھارخریداری  کے اکاؤنٹس کی ادائیگیوں پر غور کرتا ہے. تاکہ یہ اندازہ لگایا جا سکے کہ مستقبل میں کتنی نقدی پیدا ہو گی۔ اس کے علاوہ بنک کیش فلو فنانسنگ کا درست تخمینہ لگانے کے لئے درخواست دھندہ کی کریڈٹ ہسٹری یا کریڈٹ ریٹنگ کا بھی جائزہ لیتا ہے. 

کیش فلو قرض کے فوائد

جسمانی اثاثوں کی ضمانت پرمبنی قرض بینک کے لئے تو محفوظ ہوتا ہے تاہم کاروبار کے لئے یہ ایک بہت بڑا خطرہ بن جاتا ہے. بینک ضمانت کے لیے استعمال ہونے والے کسی بھی اثاثے پر حق رکھتا ہے اور ڈیفالٹ کی صورت میں قانونی طور پر اثاثے ضبط کروانے کی طاقت رکھتا ہے۔ اس سے ایک کاروبار اپنے اثاثوں پر مکمل اختیار اوراپنے کام کرنے کی صلاحیت کھو سکتا ہے۔

دوسری طرف بینک کے لئے بھی جسمانی اثاثوں کی ضمانت کوئی آسان مرحلہ نہیں ہوتا. خاص طور پر ڈیفالٹ کی صورت میں بھی بینک کو اچھی خاصی قانونی پیچیدگیوں سے گزر کے ہی ضمانتی اثاثوں کو بیچ کر اپنا قرض واپس لینا پڑتا ہے. بعض صورتوں میں اثاثوں کی مارکیٹ ویلیو فروخت کے مرحلے تک پہنچتے کافی گر بھی چکی ہوتی ہے. 

کیش فلو فنانسنگ کے ساتھ دونوں فریقوں کے لئے کافی آسانی پیدا ہوتی ہے. کیش فلو فنانسنگ کا استعمال کرنے والے عام کاروباری اداروں کے پاس بہت زیادہ جسمانی اثاثے نہیں ہوتے جس کی مثال آج کے دور میں سروس یا ٹیکنالوجی سے متعلقہ کاروبار ہو سکتے ہیں. مگر ان کاروباروں کی موجودہ یا متوقع سیلز کافی متاثر کن ہو سکتی ہے. لہذا قرض خواہ اور قرض دہندگان دونوں کیش فلو فنانسنگ کا طریقہ استعمال کر کے اپنے اپنے ریونیو میں خاطر خواہ اضافہ کر سکتے ہیں. اگر بینک اس ضمن میں اپنی پالیسی میں لچک نہیں لائیں گے تو مستقبل میں ان کے جاری قرضوں کی مقدار میں کافی کمی دیکھی جا سکتی ہے. کیوں کہ وقت کے ساتھ ساتھ جسمانی اثاثوں کے بجاۓ ڈیجیٹل یا غیر مادی اثاثوں میں سرمایا کاری میں خاطر خواہ اضافہ ہوتا جا رہا ہے. 

نتیجہ

کیش فلو فنانسنگ کا طریقہ کاروباری افراد کو مستقبل کے کیش فلوکو ضمانت کے طور پر پیش کر کے قرض حاصل کرنے کا ایک موقع فراہم کرتا ہے. زیادہ تر کاروباروں کی عام طور پر عارضی ضروریات ہوتی ہیں جن کے لئے یہ قرض استعمال ہو سکتا  ہے. اس طریقے سے ان کاروباروں کو بند ہونے سے بچایا جا سکتا ہے. یہ خاص طور پر چھوٹے کاروباری افراد، سروس اینڈ IT  سیکٹر اور کاٹیج انڈسٹری کے پھلنے پھولنے کے لیے ایک اچھا اور مثبت حل ہو سکتا ہے۔ 

مزید پڑھیں

کاروبار اور بینکاری – بنیادی معلومات

پاکستان میں نان بینکنگ فناشل کمپنیز (NBFCs)

2 تبصرے ”کاروبار کے لئے کیش فلو فنانسنگ کا آئیڈیا

اپنا تبصرہ بھیجیں