businesswoman what is business

بزنس اور انٹرپرینیورشپ کا تعارف

کاروبار شروع کرنا ایک مشکل کام ضرور ہے لیکن یہ ایک ناقابل یقین حد تک فائدہ مند تجربہ بھی ہو سکتا ہے۔ چاہے آپ پہلی بار بزنس کرنے کا ارادہ رکھتے ہوں یا تجربہ کار کاروباری فرد ہوں، بزنس کیا ہے اور انٹرپرینیورشپ سے کیا مراد ہے، اس حوالے سے بنیادی باتوں کو سمجھنا آپ کے لیے بہت آسانی پیدا کرے گا۔ اس بلاگ پوسٹ میں ہم بزنس اور انٹرپرینیورشپ کا تعارف پیش کریں گے. اس کے علاوہ ہم کاروبار کی اقسام ،بزنس پلان  کی اہمیت، اور کاروبار کے چیلنجز اور فوائد پر بھی بات کریں گے.

آرٹیکل: 9 مراحل میں ایک نیا کاروبار کیسے شروع کریں

بزنس کیا ہے اور کاروباری سرگرمی سے کیا مراد ہے؟

ایسی سرگرمی جو درج ذیل شرائط کو پورا کرتی ہو اسے کاروباری سرگرمی (business activity) کہا جاتا ہے:

١. یہ بدلے میں پیسہ یا منافع کمانے کی نیت سے سر انجام دی جاۓ.

٢. یہ اشیا اور خدمات فراہم کرنے کے لیے وسائل کو یکجا کرتی ہو۔ (combines the factors of production)

٣. یہ قانون کی نظر میں جائز ہو۔

کاروباری سرگرمی کا مقصد؟

کاروباری سرگرمیاں لوگوں کی ضروریات اور خواہشات کو پورا کرنے اور بدلے میں آمدنی حاصل کرنے کے لیے قلیل وسائل کا استعمال کرتے ہوئے اشیا اور خدمات فراہم کرنے کے لیے کی جاتی ہیں۔

ضروریات: زندگی کے لیے ضروری اشیا اور خدمات۔

خواہشات: ایسی اشیاء اور خدمات جو زندگی کو زیادہ سے زیادہ آرام دہ بنانے کے لیے درکار ہوں۔ خواہشات لامحدود ہوتی ہیں۔

وسائل (پیداوار کے عوامل): وسائل (resources) دو طرح کے ہوتے ہیں؛ ایک قدرتی وسائل اور دوسرے انسانی وسائل. قدرتی وسائل میں زمین اور اس سے وابستہ تمام وسائل شامل ہیں. جبکہ انسانی وسائل میں ، مزدور/ہنر، سرمایہ، اور انٹرپرائز (باقی وسائل کو یکجا کرنے اور نقصان کا خطرہ مول لینے کی صلاحیت) جیسے  وسائل شامل ہیں. ہر چھوٹا بڑا کاروبار انہی وسائل کو یکجا کرتا ہے. لیکن یہ وسائل ہمیشہ محدود ہوتے ہیں اس لیے ہمارے  لیے انتخاب (choice) کو لازمی بنانے ہیں۔. یہیں سے فیصلہ سازی کا عمل شروع ہوتا ہے. 

مواقع کی قیمت (cost opportunity): وہ بہترین متبادل جو کسی اور آپشن کو منتخب (choose) کرنے کی وجہ سے ترک کرنا پڑتا ہے۔ یہ قیمت تمام کاروبار برداشت کرتے ہیں۔

آرٹیکل: پیداواری وسائل اور مواقعوں کی لاگت

کاروباری افراد (entrepreneurs)

وہ لوگ جو معاشرے کی ضروریات اور خواہشات کو پورا کرنے کے لیے اشیا اور خدمات پیدا کرنے کے لیے وسائل کو یکجا کرتے ہیں، انتخاب کرتے ہیں اور فیصلے کرتے ہیں۔ کاروباری افراد بنیادی طور پر وسائل کو یکجا کرتے ہیں لیکن چونکہ وسائل محدود ہوتے ہیں اس لیے زیادہ سے زیادہ اسٹیک ہولڈرز کو فائدہ پہنچانے کے لیے وسائل کو موثر طریقے سے استعمال کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔ اسٹیک ہولڈرز میں مالکان/حصص دار، ملازمین، صارفین، حکومت اور کمیونٹی شامل ہیں۔

آرٹیکل: کاروباری فرد (اینٹرپرینیور)-کامیاب اینٹرپرینیور کی خصوصیات

ہنر اور اسپیشلائزیشن کی ضرورت

کسی ایک شخص میں تمام صلاحیتیں نہیں ہو سکتیں۔ چونکہ وسائل محدود ہیں، اس لیے ہم فضول خرچی اور وسائل کے ضیاء کے متحمل نہیں ہو سکتے۔ اس لیے بہتر کارکردگی (efficiency) کو حاصل کرنے کے لیے لیبر کو خصوصی ہنر مند گروپوں میں تقسیم کرنے کی ضرورت ہے۔ اسے تخصص (اسپیشلائزیشن) کہتے ہیں۔ تخصص وسائل کے مؤثر طریقے سے استعمال کی وجہ بنتا ہے، ویسٹ کو کم کرتا ہے، اور پیداوار میں اضافہ کرتا ہے۔

آرٹیکل: کاروبار میں مہارت (سپیشلائزیشن یا ہنر) کی ضرورت

کارکردگی (efficiency) کیا ہے؟

کم لاگت مگر زیادہ فائدہ، وسائل کا کم استعمال مگرزیادہ پیداوار. وسائل کے کم سے کم استعمال کے ساتھ معاشرے کی زیادہ سے زیادہ ضروریات اور خواہشات کو پورا کرنا کارکردگی کہلاتا ہے۔

نقصان کیا ہے؟

اس کا مطلب ہے کہ وسائل کو یکجا کرنے کی لاگت ان سے فائدہ حاصل کرنے سے زیادہ ہے۔ نقصان کے ساتھ بھی ایک سرگرمی کاروباری سرگرمی کہلاتی ہے لیکن یہ برقرار نہیں رہ سکتی. نقصان ہمیں بہتر انداز میں وسائل کو یکجا کرنے، بہتر انتخاب کرنے، بہتر کارکردگی دکھانے اورمواقعوں کی زیادہ قیمت برداشت کرنے پر مجبور کرتا ہے۔

کاروبار کی اقسام

بزنس کیا ہے، اس حوالے سے کاروبار کی بہت سی مختلف قسمیں ہوتی ہیں اورہر ایک کی اپنی منفرد خصوصیات اور چیلنجز ہیں۔ کاروبار کی کچھ عام اقسام درج ذیل ہیں:

آرٹیکلکاروباری ادارے اور ان کی اقسام

واحد ملکیت (proprietorship sole): ایک واحد ملکیت ایک ایسا کاروبار ہے جو ایک فرد کی ملکیت میں چلتا ہے۔ یہ کاروباری آرگنائزیشن کی سب سے آسان اور عام قسم ہے اور یہ مالک کو کاروبار پر مکمل کنٹرول فراہم کرتی ہے۔ تاہم مالک ذاتی طور پر کسی بھی قرض یا کاروبار کو درپیش قانونی اور دیگر مسائل کے لیے ذمہ دار ہے۔

شراکت داری (partnership): شراکت داری ایک ایسی کاروباری آرگنائزیشن ہے جس کی ملکیت دو یا دو سے زیادہ لوگوں کے پاس ہوتی ہے۔ شراکت داری یا تو عام شراکت داری ہو سکتی ہے، جس میں تمام شراکت دار کاروبار کے لیے یکساں طور پر ذمہ دار ہوتے ہیں یا محدود شراکت داری، جس میں کچھ شراکت داروں کی محدود ذمہ داری ہوتی ہے۔

کارپوریشن یا کمپنی: ایک کمپنی اپنے مالکان سے الگ ایک قانونی ادارہ (آرٹیفیشل پرسن) ہے. کمپنی کے مالکان شیئر ہولڈرز کے نام سے جانے جاتے ہیں۔ کمپنی میں مالکان کی محدود ذمداری ہوتی ہے یعنی وہ اپنے حصے کی حد تک تمام قرض یا مسائل کے ذمہ دار ہوتے ہیں۔

کوآپریٹو: یہ ایک ایسا کاروبار ہے جس کی ملکیت ایک مخصوص گروپ کے افراد کے پاس ہوتی ہے. یہ آرگنائزیشن گروپ کے ذریعہ ان کے باہمی فائدے کے لئے چلائی جاتی ہے۔ کوآپریٹیو کو منافع بخش یا غیر منافع بخش کے طور پر منظم کیا جا سکتا ہے اور وہ عام طور پر اپنے اراکین کو سروس فراہم کرنے یا پروڈکٹ فروخت کرنے پر مرکوز ہوتے ہیں۔ مثال کے طور پر کسانوں کا کوآپریٹو، جہاں مقامی کسان اجتماعی طور پر زرعی اجناس مارکیٹ کرنے اور اپنی مصنوعات فروخت کرنے کے لیے اکٹھے ہوتے ہیں۔ اسی طرح ایک کریڈٹ یونین جو کہ ایک مالیاتی کوآپریٹو ہے جس کی ملکیت اور اس کے اراکین کے زیر کنٹرول ہوتی ہے. یہ اپنے اراکین کو مالی خدمات فراہم کرتا ہے۔

بزنس پلان کی اہمیت

اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا ہے کہ آپ کس قسم کا کاروبار شروع کر رہے ہیں، اس کے لیے ایک واضح منصوبہ رکھنا ضروری ہے۔ بزنس پلان یا کاروباری منصوبہ ایک دستاویز ہے جو آپ کے کاروبار کی تفصیلات کا خاکہ پیش کرتی ہے. اس میں کاروبار کے اہداف، مارکیٹ کا تجزیہ، مالی تخمینہ، اور مارکیٹنگ کی حکمت عملی شامل ہوتی ہے. کاروباری منصوبہ آپ کو اپنے کاروبار کے ہر پہلو کے بارے میں سوچنے میں مدد کرتا ہے اور اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ آپ کے پاس ایک مضبوط بنیاد ہو جس پر آپ اپنے کاروبار کو تعمیر کر سکیں۔ یہ آپ کو اپنی سرمایا کاری کو محفوظ بنانے، دوسرے سرمایہ کاروں کو راغب کرنے اور ممکنہ گاہکوں کا اعتماد جیتنے میں بھی مدد کرتا ہے۔

آرٹیکل: بزنس پلان کی اہمیت اور تحریر کرنے کا طریقہ

انٹرپرینیورشپ کے چیلنجز اور فوائد

انٹرپرینیورشپ کا سفر چیلنجوں کا سامنا کیے بغیر ممکن نہیں ہے۔ بزنس کیا ہے؟ یہ بنیادی طور پر خطرہ مول لینے کا ایک سفر ہے. کاروبار شروع کرنے کے لیے وقت اور وسائل کی اہم سرمایہ کاری کی ضرورت ہوتی ہے. جبکہ کامیابی کی کوئی ضمانت نہیں ہوتی ہے۔ تاہم، انٹرپرینیورشپ کے انعامات بہت اچھے ہو سکتے ہیں۔ اپنی آرگنائزیشن کا مالک ہونا آپ کو اپنے شوق کو آگے بڑھانے اور ایسی چیز تخلیق کرنے کی آزادی دیتا ہے جس پر آپ فخر کر سکیں۔ اپنا کاروبار مالیاتی کامیابی کے امکانات اور معاشرے پر مثبت اثر ڈالنے کا موقع بھی فراہم کرتا ہے۔

مزید پڑھیں

کاروبار کو بڑھانے کے لیے مالی امور کو منظم کیسے کریں؟

انٹرپرینیورشپ میں کون بہتر – جنرلسٹ یا ایکسپرٹس

بزنس اور انٹرپرینیورشپ کا تعارف“ ایک تبصرہ

اپنا تبصرہ بھیجیں