کیا آپ اپنے کاروبار کو بڑھانے کا خواب دیکھتے ہیں؟ اگر ایسا ہے تو کاروبار کے مالی معاملات کو اعلی انداز میں منظم کیے بغیر ایسا ممکن نہیں. جیسا کہ اپنی مصنوعات اور خدمات کے ذریعے گاہکوں کو مطمئن کرنا ایک مشکل کام ہے ایسے ہی کاروبار میں مالی امور پہ گہری نگاہ رکھنا بھی کافی مشکل امر ہے. اگر آپ ایک کاروباری فرد ہیں تو آپ پیسے کا مؤثر طریقے سے انتظام کیسے کریں گے؟ خاص طور پر جب آپ کاروبار کو بڑھانا چاہتے ہیں تو نسبتا غیر یقینی اوقات میں مالی معاملات کو کیسے منظم کریں گے تا کہ کاروبار کو بڑھایا جا سکے۔
آرٹیکل: کاروبار کی کامیابی اور 3 ضروری خصوصیات
سب سے پہلی چیز جو سمجھنی انتہائی ضروری ہے کہ ایک کاروباری فرد کا لازمی طور پر کاروبار کے ہر شعبے میں باکمال ہونا ضروری نہیں. اگر آپ کو مالی امور کو منظم کرنے میں مشکل درپیش آتی ہے تو دو کام ضرور کریں. ایک تو کسی پروفیشنل اکاؤنٹنٹ کی خدمات حاصل کریں. آپ ایسا کسی کو ملازم کے طور پر بھرتی کر کے بھی کر سکتے ہیں یا پھر کسی کی پارٹ ٹائم خدمات بھی لے سکتے ہیں. دوسرا کام جو آپ کر سکتے ہیں وہ یہ کہ کاروبار کے مالی معاملات کو بہتر انداز میں سمجھنے کے لیے کتابیں پڑھیں یا متعلقہ مضامین کا مطالعہ کریں. اس سے بہت سے معاملات میں آپ کی سمجھ بوجھ میں اضافہ ہو گا.
اس ضمن میں اکاؤنٹنگ اور فنانس کے بنیادی تصورات کو سمجھنا بہت مدد گار رہے گا تاکہ آپ بغیر کسی غلطی یا بیرونی مدد کے اپنے کاروبار کو مؤثر طریقے سے منظم کر سکیں جس سے آپ کو طویل مدت میں پیسہ خرچ کرنے میں بچت ہو گی. بڑھتے ہوئے کاروبار میں کم مالی وسائل کو اکثر ترقی کو محدود کرنے والے بڑے عنصر کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔ پائیدار ترقی کی دوڑ آپ کے کاروبار کے مالی وسائل پر دباؤ ڈالتی ہے۔ ترقی کے حصول اور اہداف کی تکمیل میں اکثر آپ کی ابتدائی منصوبہ بندی سے زیادہ وقت لگتا ہے۔ تاہم آپ اس مشکل میں اکیلے نہیں ہیں. ترقی اور توسیع کے سفر میں بہت سے کامیاب کاروباری افراد نے ایک جیسے مسائل کا سامنا کیا ہے اور کرتے ہیں. آپ یقینا ان کے تجربات سے سیکھ سکتے ہیں.
آرٹیکل: کاروبار میں اضافہ یا ترقی (گروتھ)
اس سے پہلے کہ آپ ایک بڑھتے ہوئے کاروبار کے لیے بہترین مالیاتی انتظام کے مختلف زاویوں کو دیکھیں یاد رکھیں کہ اس ضمن میں کوئی بھی صحیح طریقہ یا آسان طریقہ نہیں ہے۔ ہر کاروباراس دنیا میں کام کرتا ہے جہاں غیر یقینی صورتحال کا سامنا درپیش ہوتا ہے اور جس میں اکثر فیصلے تمام نتائج کے مکمل علم کے بغیر کیے جاتے ہیں۔ یہ نقطہ نظر بڑھتے ہوئے کاروبار کے مالی انتظام کو مزید چیلنجنگ بنا دیتا ہے۔ بحرصورت مندرجہ ذیل اقدامات سے کاروبار کی ترقی کے لیے مالی امور کو بہتر طور پر منظم کیا جا سکتا ہے.
1. واضح کاروباری منصوبہ بنائیں
ایک کاروباری منصوبہ اس بات کا تعین کرے گا کہ آپ کہاں ہیں اور آپ اگلے چند سالوں میں کہاں جانا چاہتے ہیں۔ اس میں یہ تفصیل ہونی چاہیے کہ آپ اپنے کاروبار اور اس کی سرگرمیوں کی مالی اعانت کیسے کریں گے، آپ کو کتنی رقم کی ضرورت ہوگی اور اس رقم کے ذرائع کیا ہو سکتے ہیں. کاروباری منصوبہ سے مراد لکھا ہوا منصوبہ ہے جس پرآپ وقتا فوقتا نگاہ ڈالیں اور کاروباری معاملات کو منصوبے کے مطابق درست کریں.
آرٹیکل: بزنس پلان کی اہمیت اور تحریر کرنے کا طریقہ
2. کاروبار کی مالی حالت کی نگرانی کریں
آپ کو اپنے کاروبار کی پیشرفت کی باقاعدگی سے نگرانی کرنی چاہیے۔ روزانہ کی بنیاد پر آپ کو معلوم ہونا چاہیے کہ آپ کے پاس بینک میں کتنی رقم ہے. اس کے علاوہ آپ کتنی فروخت کر رہے ہیں اور آپ کے اسٹاک کی سطح کیا ہے۔ آپ کو اپنے کاروباری منصوبے میں مقرر کردہ اہداف کے تناظر میں ماہانہ بنیادوں پر اپنی پوزیشن کا بھی جائزہ لینا چاہیے اور کیش فلو مینجمنٹ کو باقائدگی سے دیکھنا چاہیے۔
3. یقینی بنائیں کہ گاہک آپ کو وقت پر ادائیگی کریں
گاہکوں کی تاخیر سے ادائیگیوں کی وجہ سے کاروبار بڑے مسائل کا شکار ہو سکتے ہیں۔ خاص طور پر جب آپ کاروبار کو بڑھانا چاہیں تو موجودہ گاہکوں کی جانب سے وقت پر ادائیگیاں ہونا انتہائی ضروری ہے. تاخیر یا عدم ادائیگی کے خطرے کو کم کرنے کے لیے آپ کو اپنے ادھار کی شرائط و ضوابط کو شروع سے ہی واضح کرنا چاہیے۔ کسی بھی کمپیوٹرائزڈ کریڈٹ مینجمنٹ سسٹم کا استعمال آپ کو صارفین کے اکاؤنٹس پر نظر رکھنے میں مدد کرے گا – ادھار کے گاہکوں کو فالو اپ اور یاددہانی کا طریقہ مرتب کریں اوریقینی بنائیں کہ گاہک آپ کو وقت پر ادائیگی کریں۔
4. اپنے روزمرہ کے اخراجات جانیں
اکثر کاروباری افراد کاروبار کو بڑھانے کے عمل کے دوران مختلف مسائل کا شکار اس لیے بھی ہو جاتے ہیں کہ وہ روز مرہ کے اخراجات پر توجہ مرکوز نہیں رکھ پاتے. اگر روزمرہ کے اخراجات جیسے کرایہ اور اجرت کو پورا کرنے کے لیے کافی نقد رقم نہ ہوتو کاروبار کو بڑھانے کا منصوبہ کھٹائی میں پڑ سکتا ہے۔ آپ کو اپنے کاروبار کو زندہ رکھنے کے لیے کم از کم ضرورتوں سے آگاہ ہونا چاہیے. اپنے کاروبار میں نقد رقم (کیش فلو) کو جانچنے کا طریقہ سیکھیں۔
5. اکاؤنٹنگ ریکارڈز کو اپ ٹو ڈیٹ رکھیں
اگر آپ کے اکاؤنٹس کو اپ ٹو ڈیٹ نہیں رکھا جاتا ہے تو کام چلانے کے لیے در کارسرمایہ متاثر ہو گا. کسٹمرز سے وصولیوں اور سپلائرز کوادائیگیوں کا اپ ڈیٹ حساب نہ ہونے سے آپ کی رقم پھنس سکتی ہے۔ اس کی وجہ سے کاروبار کی ترقی کا منصوبہ متاثر ہو گا. ریکارڈ رکھنے کا ایک اچھا نظام ہونے سے آپ کو اخراجات، قرضوں اور قرض دہندگان کو ٹریک کرنے، اضافی فنڈنگ کے لیے درخواست دینےاوراضافی اکاؤنٹنسی کے اخراجات بچانے میں مدد ملے گی.
6. ٹیکس اور دیگر قانونی ذمہ داریوں کو پورا کریں
ٹیکس گوشواروں اور ادائیگیوں کے حوالے سے ذمہ داریوں کو پورا کرنے میں ناکامی پر جرمانہ لگ سکتا ہے۔ اس کے علاوہ قانونی فیسوں کے اخراجات بڑھ سکتے ہیں. یہ غیر ضروری اخراجات ہیں جن سے آگے کی منصوبہ بندی متاثر ہو سکتی ہے. درست ریکارڈ رکھنے سے آپ کے کاروباری وقت اور پیسے کی بچت ہوتی ہے اور آپ کو یقین ہو سکتا ہے کہ آپ صرف وہی ٹیکس ادا کر رہے ہیں جو آپ پر واجب الادا ہے۔ لہذا یہ ضروری ہے کہ قوانین کے حوالے سے اپنی ذمہ داریوں کو پورا کریں – اس ضمن میں ریکارڈ رکھنے کا ایک بنیادی نظام ترتیب دیں۔
آرٹیکل: ٹیکس کے نظام کی بنیادی معلومات
7. زیادہ موثر بنیں اور اوور ہیڈز کو کنٹرول کریں
کیا آپ کا کاروبار ایک موثر طریقے سے چل رہا ہے؟ توانائی کا غیر ضروری استعمال تو نہیں ہو رہا؟ توانائی کی بچت موجودہ آلات کو زیادہ موثر طریقے سے استعمال کر کے ہو سکتی ہے۔ یہ اخراجات کم کرنے کے آسان ترین طریقوں میں سے ایک ہے۔ عام طور پرجن چیزوں کو دیکھنا ہے ان میں حرارت، روشنی، دفتری سازوسامان اور ایئر کنڈیشنگ شامل ہیں – توانائی کو زیادہ موثر طریقے سے استعمال کرکے پیسہ بچائیں۔ اوور ہیڈ اخراجات میں ایڈورٹائزنگ، انشورنس، سود، قانونی فیس، لیبر چارجز، کرایہ، مرمت، دفتری سپلائیز، سفری اخراجات، انٹرٹینمنٹ اور یوٹیلیٹیز وغیرہ شامل ہیں۔ ان اخراجات کو کنٹرول کر کے کاروبار کی ترقی کے لیے کافی رقم بچائی جا سکتی ہے.
8. اسٹاک مینجمنٹ
موثر اسٹاک کنٹرول اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ آپ کے پاس صحیح وقت پر مناسب مقدار میں اسٹاک دستیاب ہے تاکہ آپ کا سرمایہ غیر ضروری طور پر بند نہ ہو۔ آپ کو اسٹاک کی سطحوں پر نظر رکھنے کے لیے انوینٹری مینجمنٹ سسٹم لگانا چاہیے تا کہ اوور اسٹاک کی وجہ سے سرماۓ کے بند ہونے اور گوداموں کے اخراجات سے بچا جا سکے. اسٹاک کے مسائل پرقابو پانے سے آپ کو نقد رقم بچانے میں مدد ملے گی.
9. بجٹ بنایں اور جائزہ لیں
ایک تفصیلی اور حقیقت پسندانہ بجٹ آپ کے کاروبار کی رہنمائی کے لیے سب سے اہم ٹولز میں سے ایک ہے۔ بجٹ آپ کو ذرائع کے اندر کام کرنے، غیر متوقع چیلنجوں کا انتظام کرنے اور منافع کمانے کے لیے ضروری معلومات فراہم کرتا ہے۔ ایک مناسب بجٹ دستیاب سرمائے کی نشاندہی کرے گا، اخراجات کا تخمینہ لگائے گا، اور آمدنی کا تخمینہ لگائے گا۔ کاروباری افراد کو اپنے بجٹ کا مناسب وقفوں سے جائزہ لینا چاہے تاکہ یہ معلوم ہو سکے کہ کہاں ایڈجسٹمنٹ کرنا ہے.
مزید پڑھیں
گھریلو خواتین کے لیے 20 سے زائد کاروبار کے آئیڈیاز
4 تبصرے ”کاروبار کو بڑھانے کے لیے مالی امور کو منظم کیسے کریں؟“