سٹارٹ اپ karobar

9 مراحل میں ایک نیا کاروبار کیسے شروع کریں

اگر آپ اپنا کاروبار شروع کرنا چاہتے ہیں تویہ ان سب سے دلچسپ منصوبوں میں سے ایک ہو سکتا ہے جس پر آپ کبھی بھی کام کا آغاز کر سکتے ہیں۔ لیکن اگر آپ صحیح قدم نہیں اٹھاتے ہیں تو بہت کچھ غلط ہو سکتا ہے اور نقصان کا باعث بن سکتا ہے۔ بہت سے کاروبار کامیاب نہیں ہوپاتے جس کی کئی ایک وجوہات ہو سکتی ہیں. 

جو چیز کاروبار کی طویل مدتی کامیابی کا تعین کرتی ہے اس کا ایک بڑا حصہ منصوبہ بندی کا عمل ہے۔ کاروباری منصوبہ تیار کرنے کا عمل کسی بھی کاروبار کی طویل مدتی عملداری کے لیے انتہائی ضروری ہے۔ شروعات میں ناگزیر طور پر ہمیشہ ایسے کچھ عوامل ہوں گے جو آپ کے قابو سے باہر ہوں گے تاہم آپ اپنے نئے کاروبار کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لیے کئی اقدامات کر سکتے ہیں. اس لیے ضروری ہے کہ ایک نیا کاروبار شروع کرنے میں نیچے بیان کیے گے دس مراحل سے لازم طور پر گزرا جاۓ. 

آرٹیکلگھریلو خواتین کے لیے 20 سے زائد کاروباری آئیڈیاز

1. اپنے کاروباری اہداف کا درست تجزیہ کریں

اپنے چھوٹے کاروباری خیال کو بہتر بنانے کے لیے اپنے آپ سے چند بنیادی سوالات پوچھ کر شروع کریں. 

سب سے پہلے “کیوں” کا جواب دیں. اس کے لیے اپنے کاروبار کے مقصد کے بارے میں سوچیں اور درست طور پر اندازہ لگایں کہ متوقع گاہکوں کی ایسی کیا ضرورتیں ہیں جو آپ پوری کرنے جا رہے ہیں۔ اس بارے میں کافی واضح رہیں کہ آپ اپنا کاروبار کیوں شروع کر رہے ہیں. لازمی طور پر آپ کاروبار کا مقصد ایک جملے میں بیان کر سکیں اور لکھ سکیں. 

دوسرے مرحلے میں “کیا” کا جواب دیں. آپ کیا پروڈکٹ یا سروس پیش کرنے جا رہے ہیں؟

تیسرا سوال “کون”. یعنی آپ کا ہدف، متوقع صارفین یا سامعین کون ہوں گے؟ ان کی آبادیاتی خصوصیات، جیسے عمر، جنس، آمدنی کی سطح، مقام اور دیگر عوامل کو بیان کریں۔

اگلے مرحلے میں “کیسے” کا جواب تلاش کریں. اپنی پروڈکٹ یا سروس کو تیار کرنے اور اسے اپنے گاہکوں یا کلائنٹس تک پہنچانے کے لیے اپنے منصوبے کی وضاحت کریں۔

ایک طریقہ یہ بھی ہے کہ شروع سے کاروبار کا آغاز کرنے کے بجائے کسی قائم شدہ کمپنی کی فرنچائز کھولیں۔ فرنچائز کے ساتھ، کاروباری آئیڈیا اور ماڈل پہلے ہی تیار ہو چکے ہوتے ہیں. جس سے آپ کے لیے کاروبار کو جلد شروع کرنا آسان ہو جاتا ہے۔

آرٹیکلبزنس ماڈل سے کیا مراد ہے

بہت سے افراد آغاز میں ہی کاروبار کے نام اور ویب سائٹ وغیرہ کی پریشانی میں مبتلا ہو کہ سوچ بچار میں کافی وقت ضائع کرتے ہیں. جس کی قطعا ضرورت نہیں. شروع میں اس حوالے سے آزاد محسوس کریں اور کسی بھی مناسب نام سے آغاز کردیں. بعد میں آپ کسی نام، ویب سائٹ کے ڈومین ، لوگو یا ٹیگ لائن کے بارے میں فیصلہ کر سکتے ہیں جس کے لیے کسی  مارکیٹنگ پروفیشنل سے بھی مشورہ کیا جا سکتا ہے۔

 2. اپنا کاروباری منصوبہ لکھیں

کوئی بھی کاروبار شروع کرتے وقت کاروباری منصوبے کی بہت اہمیت ہوتی ہے۔ ایک کاروباری منصوبہ آپ کے نئے کاروبار کے ہر پہلو کے لیے رہنما کے طور پر کام کرتا ہے. یہ ایک ایسا روڈ میپ ہوتا ہے جو آپ کے کاروبار کو ایک سادہ خیال سے ایک کامیاب کمپنی تک لے جاتا ہے۔ اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ کا کاروباری منصوبہ اوپر بیان کیے گےسوالات کے جواب دیتا ہے۔ اس کے علاوہ کاروباری تفصیل، مارکیٹ کی حکمت عملی، مسابقتی تجزیہ، ڈیزائن اور ترقی، آپریشنز اور مینجمنٹ، اور مالیاتی معلومات کو بھی شامل کرنے پر غور کریں۔  

کاروباری منصوبوں کو مکمل ہونے میں وقت لگتا ہے لیکن ضروری نہیں کہ یہ بہت زیادہ صفحات پر مشتمل ہو. اگر ایک یا دو صفحات پر مشتمل منصوبہ بھی کاروبار کے اغراض و مقاصد اور ضروری تفصیلات کو بہترین انداز میں پیش کرتا ہے تو یہ کافی ہے. کاروباری منصوبے کا  بنیادی مقصد بہت زیادہ تفصیلات لکھنا یا کسی کو متاثر کرنا نہیں بلکہ اپنے کاروباری خیال کی وضاحت ہے. کاروباری منصوبے کی تیاری میں آپ ایک پروفیشنل کی خدمات بھی حاصل کر سکتے ہیں.

آرٹیکلبزنس پلان کی اہمیت اور تحریر کرنے کا طریقہ

3. مارکیٹ ریسرچ کریں

مارکیٹ ریسرچ آپ کو اس بات کا تعین کرنے میں مدد کرتی ہے کہ آپ کے کاروباری خیال میں واقعی جان ہے یا نہیں۔ مارکیٹ ریسرچ کے ذریعے آپ کی کاروباری حکمت عملی کو بہتر بنانے میں گاہکوں کے طرز عمل اور معاشی رجحانات کا جائزہ لیا جاتا ہے۔ مارکیٹ ریسرچ میں مسابقتی تحقیق، مصنوعات کی طلب، آبادیاتی ڈیٹا، مارکیٹ کا سائز، اقتصادی اشارے، مقام کی نشاندھی اور قیمتوں وغیرہ کو دیکھا جاتا ہے۔

اس بات کا تعین کرنے کے لیے مسابقتی تجزیے (competitive analysis) کا استعمال کریں کہ مارکیٹ کے مواقعوں کو کس طرح استعمال کرنا ہے۔ آپ یہ معلومات مختلف ذرائع سے جمع کر سکتے ہیں یا سروے، فوکس گروپس اور ممکنہ صارفین کے انٹرویوز کے ذریعے خود جواب حاصل کر سکتے ہیں۔ 

محتاط مارکیٹ ریسرچ کے ذریعے آپ یہ جاننے کے قابل ہو جائیں گے کہ آپ کے ٹارگٹ کسٹمرز کون ہے اور فروخت ہونے والی مصنوعات اور خدمات کو کیسے تیار کیا جائے۔ مارکیٹ ریسرچ آپ کو اپنے کاروبار کے نام، رنگ سکیموں اور دیگر برانڈنگ عناصر کا تعین کرنے میں بھی مدد کر سکتی ہے۔ اپنی تحقیق کے نتائج کو اپنے کاروباری منصوبے میں شامل کریں۔ اگر ضروری ہو تو اپنے کیوں، کیا، کون اور کیسے جوابات میں ایڈجسٹمنٹ کریں۔

4. کاروباری ڈھانچہ اور لاجسٹکس تشکیل دیں

اس مرحلے پرفیصلہ کریں کہ آپ کے کاروبار کے لیے کس قسم کا ڈھانچہ بہترین ہے، جیسے کہ واحد ملکیت، شراکت داری یا ایک چھوٹی کمپنی وغیرہ۔ یہ ایک اہم قدم ہے کیونکہ اس سے ٹیکس، ذاتی ذمہ داری، آپ کی فنڈنگ ​​حاصل کرنے کی صلاحیت اور مزید بہت کچھ متاثر ہو سکتا ہے۔ اپنا فیصلہ کرنے میں مدد کے لیے کسی وکیل یا اکاؤنٹنٹ سے مشورہ کرنے پر غور کریں۔ 

اس کے بعد ایک اہم فیصلہ کاروبار کی لوکیشن کا ہو گا چاہے وہ ریٹیل آؤٹ لیٹ ہو یا ہوم آفس۔ یہ بھی ہو سکتا ہے کہ آپ کا کاروبار آن لائن ہو. جس کے لیے بھی بہرحال مناسب آفس کی ضرورت ہو گی. لیکن اگرآپ کا کاروبار فزیکل لوکیشن مانگتا ہے توآپ کو پیدل افراد اور ٹریفک کی آمد و رفت، پارکنگ، یوٹیلیٹیز اور دیگر سہولتوں کا جائزہ لینا ہو گا. اس کے علاوہ  قریبی مسابقتی مقابلے جیسے مسائل کے بارے میں سوچنے کی ضرورت ہوگی۔

آرٹیکلبزنس مینجمنٹ – کاروبار اور انتظامی تشکیل

ایک بار جب آپ نے کاروبار شروع کرنے کے لیے ان اہم معاملات کو طے کر لیا تومندرجہ ذیل کاموں کی لازمی تکمیل کریں. بصورت دیگر آپ کے کاروبار کی طویل مدتی عملداری خطرے میں پڑ جاۓ گی. 

اپنے کاروبار کو رجسٹر کرایں۔

وفاقی اور صوبائی ٹیکس نمبرزحاصل کریں۔

اگر قابل اطلاق ہو تو کاروباری لائسنس اور اجازت نامے کے لیے درخواست دیں۔

کاروباری بینک اکاؤنٹ کھولیں۔

مناسب ٹریڈ مارک، کاپی رائٹس یا پیٹنٹ کے لیے درخواست دیں۔

اگر ضروری ہو تواثاثوں کی حفاظت کے پیش نظرانشورنس پالیسیاں خریدیں۔

آرٹیکلٹیکس کے نظام کی بنیادی معلومات

آرٹیکلکاروبار اور بینکاری – بنیادی معلومات

5. پروٹو ٹائپ ڈیزائن کریں اور فیڈ بیک حاصل کریں

جو پروڈکٹ آپ پیش کرنے جا رہے ہیں اس کا پروٹو ٹائپ یعنی نمونہ تیار کرنا انتہائی ضروری ہے. کسی ماہر کو باقاعدہ ملازم رکھنے کے بجاۓ کچھ اجرت میں نمونہ تیار کرایں۔ اگر آپ صارفین کو کوئی سروس مہیا کرنے جا رہے ہیں تو ایسے افراد کی مدد لیں جو اسے مفت میں آزمانے پر راضی ہوں اور پھر غیر جانبدارانہ رائے دیں۔ اپنی پروڈکٹ کے ڈیزائن یا سروس کے معیار پہ کچھ صارفین سے فیڈبیک لیں. یہ عمل آپ کی پیش کردہ پروڈکٹ یا سروس میں وقت سے پہلے ہی موجود خامیوں کی نشاندھی کر دے گا جنہیں آپ باقاعدہ لانچنگ سے قبل درست کر سکتے ہیں. اس کے علاوہ آپ کو متعلقہ لاگت کا بھی درست طور پر اندازہ ہو جاۓ گا جو کہ فنانشل پلان بنانے میں مددگار ثابت ہو گا. 

6. کاروبار کے لیے فنڈنگ ​​کے ذرائع تلاش کریں

کاروبار شروع کرنے کے لیے سب سے اہم اقدامات میں سے ایک فنڈ حاصل کرنا ہے۔ یہ معلوم کرنا انتہائی لازمی ہے کہ آپ کو اصل میں کتنی رقم کی ضرورت ہے۔ آپ کے کاروباری منصوبے میں کم از کم ایک سال کے لیے کام کرنے کا بجٹ ہونا چاہیے۔ فنانشل پلان میں ہر وہ اخراجات شامل کریں جس کی آپ توقع کرتے ہیں، بشمول اوور ہیڈ (overhead) اور مارکیٹنگ کے اخراجات کے. 

ایک چیز جس کا تعین کرنا بہت مدد گار ہو گا یہ کہ کتنی سیلز یا آمدن حاصل کر لی جاۓ کہ کم از کم پہلے چھ ماہ میں بریک ایون پوانٹ (Breakeven Point) حاصل ہو جاۓ جس کا مطلب ہے کہ کم از کم اتنی مصنوعات فروخت ہوں کہ صفر منافع صفر نقصان کی سطح تک پنچ سکیں. اس کے لیے بریک ایون تجزیہ کیا جا سکتا ہے.یہ تجزیہ آپ کو منافع کا تعین کرنے میں مدد کر سکتا ہے. اس کے علاوہ مصنوعات اور خدمات کی قیمت متعین کرنے اور منافع کمانے کے لیے کم از کم فروخت (sales) کا اندازہ لگانے میں مدد دے سکتا ہے. 

ایک بار جب آپ کے پاس کاروبار کا سالانہ بجٹ یا فنانشل پلان بن جاۓ توآپ اپنے نئے کاروبار کے لیے فنڈ حاصل کرنے  کے درج ذیل طریقوں پر غور کر سکتے ہیں. 

آرٹیکلکاروبار اور بجٹ (میزانیہ)

ذاتی بچت سے سیلف فنڈنگ

دوستوں اور خاندان سے قرض لینا

بنکوں سے چھوٹے کاروباری قرض

کسی سکیم کے تحت گرانٹ

آن لائن کراؤڈ فنڈنگ ​​مہم

سرمایہ کارشراکت دار

انکیوبیٹرز (incubators) یا مستقل سرپرستی نیٹ ورک

آرٹیکلکاروبار کے لئے قرض کیسے حاصل کریں

آرٹیکلکراؤڈ فنڈنگ سرمایاکاری

7. ٹیم کی تشکیل اورمصنوعات تیار کریں۔

یہ وہ وقت ہے کہ جب آپ اپنی ٹیم کو یکجا کریں. اس کے لیے چاہے آپ ملازمین رکھنا چاہتے ہیں یا دوسروں کی سروس حاصل کرنا چاہتے ہیں اس کا آغاز کریں. اس کے بعد پیداوار کے لیے ضروری خریداری کریں۔ اس کا مطلب ایک فزیکل پروڈکٹ بنانے کے لیے مینوفیکچرنگ کے عمل کو ترتیب دینا یا سافٹ ویئر بنانے کے مقصد کے لیے کمپیوٹر انسٹال کرنا ہو سکتا ہے۔ آپریشن کو آسانی سے چلانے کے لیے ضروری ماہرین، منتظمین اور کارکنوں کی خدمات حاصل کریں۔ اس کے علاوہ کوالٹی کنٹرول، ملازمین کی تنخواہ اور حفاظت کے لیے پالیسیاں تیار کریں۔

8. تشہیر اور ایڈورٹائزنگ

کیا آپ گاہکوں کا انتظار کریں گے؟ اگرایسا ہے تو یہ پالیسی کاروبار کو جلدی بند کروا دے گی. لازمی ہے کہ آپ گاہکوں تک خود پنھچیں. اس کے لیے تشہیر بازی اور ایڈورٹائزنگ کا سہارا لیں. آپ کو فیصلہ کرنا ہو گا کہ آپ کے ہدف کے سامعین کو پیش کردہ مصنوعات اور خدمات کا پیغام کیسے ملے. تشہیر بازی کی مہم کا آغاز کریں.  آپ کو کن سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو استعمال کرنا چاہئے؟ کس قسم کے اشتہارات آپ کی مصنوعات کو فروخت بڑھانے میں مدد دیں گے اور انہیں کہاں ظاہر ہونا چاہیے؟ آپ میڈیا کو کیسے استعمال کر سکتے ہیں تاکہ عوام کو معلوم ہو کہ آپ کیا پیش کر رہے ہیں؟ یہ اس قسم کے سوالات ہیں جن کے جوابات آپ کو اس بات کو یقینی بنانے کے لیے درکار ہوں گے کہ آپ سیلز، مارکیٹنگ، اشتہارات اور تعلقات عامہ کے ذریعے ممکنہ گاہکوں تک رسائی حاصل کر رہے ہیں۔

آرٹیکلکاروبار میں ایڈورٹائزنگ کے ذرائع

9. کاروبار کی ترقی کے لیے منصوبہ بنائیں

ہم سب نے انتہائی کامیاب کمپنیوں کے بارے میں کہانیاں سنی ہیں جو اپنی مارکیٹ کھو دیتی ہیں یا کاروبار سے باہر ہو جاتی ہیں. ایسا کیوں ہوتا ہے؟ اس لیے کہ وقتی طور پر وہ بہت تیزی سے کام کرتی ہیں لیکن مستقبل کے لیے خود کو تیار نہیں کرتیں۔ مارکیٹ میں صرف آپ اکیلے نہیں ہوں گے جو ممکنہ گاہکوں تک رسائی حاصل کرنے کی تگ و دو میں مصروف ہوں گے. آپ کی مسابقت میں دیگر کاروبار بھی ہوں گے. اس لیے ضروری ہے کہ آپ کے پاس کاروبار کی ترقی اور پھیلاؤ کا منصوبہ ہو. روز مرہ کے کردار اور ذمہ داریاں دوسروں کویا ملازمین کو تفویض کرنا سیکھیں اور خود کو بڑے کاروباری فیصلوں کے لیے آزاد رکھیں. آپ کو آگے دیکھنے اور فیصلے کرنے کی ضرورت ہوگی تاکہ جب آپ کا کاروبار شروع ہو جائے تو آپ غیر محتاط نہ رہیں اور درج ذیل معاملات کی جانب اپنی توجہ زیادہ رکھ سکیں. 

مارکیٹ اور گاہکوں کے رجحانات کا مطالعہ کرنا

نئے خیالات کی جانچ

دوسرا کاروبار حاصل کرنا

نئی منڈیوں میں ترقی کرنا

مصنوعات کی لائنوں اور خدمات کو بڑھانا

مزید پڑھیں

کاروبار میں اضافہ یا ترقی (گروتھ)

کاروباری شروعات (بزنس سٹارٹ) چیک لسٹ