budgeting

کاروبار اور بجٹ (میزانیہ)

بجٹ کی اہمیت

اکثر کاروباری افراد بہت جزبے سے کاروبار کا آغاز کرتے ہیں مگر ایک مناسب بجٹ بناے بغیر وہ اپنے منصوبے پر درست انداز میں عمل نہیں کر پاتے.  بجٹ کی غیر موجودگی سے منصوبے پر عملدرآمد کرنے میں غیر ضروری اخراجات کا اندیشہ رہتا ہے جو کہ کاروبار میں نقصان کا باعث بھی بن سکتا ہے. روز مرہ کے کاروباری معاملات میں مصروفیت کی وجہ سے ایسا اکثر ہو جاتا ہے کہ مجموعی مالی صورتحال کا درست اندازہ نہیں ہو پاتا.  اس لیے کامیاب کاروباری افراد بجٹ بناتے ہیں اور وقفے وقفے سے اس کا تجزیہ کرنے کے لیے وقت نکالتے ہیں جس سے کاروبار کی مجموعی مالی پوزیشن واضح رہتی ہے اور غیر اہم اخراجات کو روکنے میں مدد ملتی ہے.  اس طریقہ کار سے منصوبے کے مطابق عملدرآمد میں ضروری ردوبدل کرنے میں بھی آسانی رہتی ہے.

بجٹ کے بارے میں عام تاثر یہی ہے کہ یہ اخراجات کو کنٹرول کرنے کے لیے بنایا جاتا ہے. جبکہ آمدنی کا بجٹ بنانا بھی اتنا ہی ضروری ہے جتنا کہ اخراجات کا.  آمدن کا بجٹ ایک ٹارگٹ مہیا کرتا ہے جو کہ فروخت بڑھانے کے لیے کوششیں تیز کرنے میں محرک ثابت ہوتا ہے.  بجٹ کا جائزہ لینے سے کاروبار کی کارکردگی جانچنے کا موقع ملتا ہے. اس کے علاوہ ترقیاتی اخراجات جو کہ مستقبل کی ترقی کے لیے ضروری ہوتے ہیں ان کے لیے وسائل مہیا کرنے میں آسانی رہتی ہے. بجٹ کاروباری افراد کو اپنے کیش فلو کو جاری رکھنے اور اخراجات کو کم کرنے پر توجہ دینے کے قابل بناتا ہے۔ بجٹ کاروبار کی کامیابی میں اہم کردار ادا کرتا ہے. یہ کاروبار میں مالی معاملات کی منصوبہ بندی اور ان پہ کنٹرول حاصل کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے.  جب مالی امور پر کنٹرول نہیں ہوتا تو منصوبہ بندی کا فائدہ نہیں ہو پاتا جو کہ کاروبار کی ناکامی کا باعث بن سکتا ہے.  

بجٹ کے چند بڑے فوائد

– بجٹ مالی امور کے حوالے سے بہتر فیصلہ سازی میں مدد دیتا ہے. 

– بجٹ غیر ضروری اخراجات کو روکنے اور ضروری اخراجات کی طرف توجہ دینے میں مددگار ثابت ہوتا ہے. 

– بجٹ کے مستقل جائزہ لینے سے ترقیاتی امور پہ توجہ مرکوز رہتی ہے جس سے کاروبار بڑھتا اور پھلتا پھولتا ہے. 

بجٹ کیسے بنایں؟

– سب سے پہلے وقت کے دورانیے کا تعین کریں کہ آپ کتنے عرصے کا بجٹ بنا رہے ہیں.  

– دوسرے مرحلے میں کاروبار کے آمدنی کے ذرائع کا جائزہ  لیں اور تعین کریں کہ ایک یا ایک سے زیادہ ذرائع آمدن کون کون سے ہوں گے. 

– پھر ان ذرائع سے بجٹ کے دورانیے میں ہونے والی متوقع آمدنی کا تعین کریں.  یہ تعین حقیقت پر مبنی ہونا چاہیے لیکن اس کے ساتھ ساتھ ایک مناسب  ہدف بھی ضرور ظاہر کرتا ہو تا کہ اسے حاصل کرنے کے لیے زیادہ سے زیادہ کوششیں کی جا سکیں.  

– اب تمام ذرائع سے حاصل ہونے والی متوقع آمدنی کو جمع کر لیں.  

– اگلے مرحلے میں آمدنی حاصل کرنے کے لیے متوقع لاگت اور اخراجات کا تعین کریں.  لاگت یا اخراجات کو دو حصوں میں تقسیم کریں یعنی مقررہ اخراجات (fixed cost) اور متغیر اخراجات (variable cost). مقررہ اخراجات ایسے ہوتے ہیں جو کاروبار میں پیداوار اور سیلز ہو یا نہ ہو مگر ادا کرنے ضروری ہوتے ہیں جیسے کہ دفتر کا کرایہ وغیرہ.  متغیر اخراجات سے مراد ایسے اخراجات جو کاروباری سرگرمی کے ساتھ ساتھ بڑھتے یا کم ہوتے ہیں جیسے کہ خام مال کی خریداری اور یوٹیلٹی اخراجات وغیرہ.  

– تمام ضروری اخراجات کا حقیقت پسندانہ اندازہ لگایں اور ایک فہرست مرتب کریں. ایک بات کا خیال رکھیں کہ ذاتی اور فیملی اخراجات اس فہرست کا حصہ نہ ہوں.  

– آمدنی اور اخراجات کے تخمینوں (estimates) کا دورانیہ ایک جتنا ہونا ضروری ہے.  

– اب متوقع آمدنی میں سے تخمینہ اخراجات منہا کریں اور متوقع منافع کا تعین کریں.  اس مرحلے تک ایک سادہ سا بجٹ تیار ہو جاے گا.  

تیار شدہ بجٹ کے کاغزات حفاظت سے رکھیں اور وقفے وقفے سے اصل آمدنی اور اخراجات کا موازنہ بجٹ کے ساتھ کرتے رہیں. بجٹ میں منافع کے ہدف کو حاصل کرنے کے لیے ضرورت کے مطابق فیصلہ سازی کرتے رہیں.  

اپنے کاروبار کا بجٹ بنانے کے لئے کام کرنا اور درست تخمینے لگانا مشکل امر ہو سکتا ہے. لیکن اگر اس میں کچھ وقت اور توانائی صرف کر دی جاے تو کاروبار کے پورے بجٹ سے حاصل ہونے والی معاشی بصیرت بہتر فیصلہ سازی کے لیے بہترین معاون ثابت ہو سکتی ہے۔

https://www.youtube.com/watch?v=7N66SJMp5F8&t=89s

بجٹ کا جائزہ

بجٹ کی تیاری پہلا قدم ہے۔  لیکن کم از کم ماہانہ اس کا جائزہ لینا آپ کے کاروبار کی کامیابی کے لیے اتنا ہی اہم ہے جتنا کہ بجٹ تیار کرنا۔  ایسا نہیں ہونا چاہیے کہ آپ بجٹ بنا لیں اور پھر کبھی اس کی طرف نہ دیکھیں۔  بجٹ کی تیاری کرنا اور اس کا تجزیہ کرنا ایک آسان اور فائدہ مند کام ہے جو آپ کو اپنے کاروبار کی کامیابی کے لیے ضرور کرنا چاہیے۔کیونکہ اس سے آپ دیکھ سکیں گے کہ مستقبل میں آپ کے فیصلوں کے نتائج کیا ہوں گے۔  عام طور پر بجٹ کا پہلا ڈرافٹ ناقابل قبول مالی نتیجہ ظاہر کرتا ہے۔ لیکن آپ اسے حقیقت پسندانہ اور چیلنجنگ بنا سکتے ہیں. بجٹ کے تجزیے کے ساتھ آپ کو اپنے منصوبوں کو ایڈجسٹ کرنے کا موقع ملتا ہے۔ اس کے علاوہ بجٹ آپ کو موازنہ کرنے کا موقع دیتا ہے کہ آپ نے حقیقت میں کیسی کارکردگی کا مظاہرہ کیا. 

آرٹیکل: بزنس پلان کی اہمیت اور تحریر کرنے کا طریقہ

بجٹ کا جائزہ لینے کے لیے چند ضروری عوامل درج ذیل ہیں. 

  – اپنے کیلنڈر پر کاروبار کے بجٹ جائزہ کا شیڈول طے کریں اور اس کی پیروی کریں

 – خود کو اپنے کاروبار کے بجٹ پہ جوابدہ سمجھیں. اس کے لیے آپ کسی خاندان کے فرد یا دوست کو کہہ سکتے ہیں کہ وہ آپ سے بجٹ کے کم یا زیادہ استعمال اور اہداف کی تکمیل کے حوالے سے سوال پوچھے. 

 – اپنے اہداف کو پورا کرنے کے لئے ٹاسک لسٹ بنائیں اور اگر خود نہیں تو کسی ملازم یا ایجنٹ کو یہ کام تفویض کریں.

 – ہر مہینے اپنے مقاصد تک پہنچنے کے لئے مزید ٹاسک تشکیل دیں.

– اگر ضروری ہو تو بجٹ جائزے کے بعد باقی مہینوں کا بجٹ دوبارہ ترتیب دیں.

بجٹ کا جائزہ لیتے وقت اپنے آپ سے درج ذیل سوالات ضرورپوچھیں:

– کیا آپ اپنے فروخت کے اہداف کو پورا کررہے ہیں؟

 – اگر نہیں تو آپ اس صورتحال کو کس طرح حل کر سکتے ہیں؟

 – کیا نئی مصنوعات یا خدمات کو شامل کرنے کی ضرورت ہے؟

 کیا غیر منافع بخش مصنوعات کو ختم نہ کیا جاے جو آپ کا وقت ضائع کررہی ہیں؟

 – کیا آپ اپنی مصنوعات و خدمات کی صحیح قیمت گاہکوں سے وصول کر رہے ہیں؟

 – کیا آپ مارکیٹنگ اور ایڈورٹائزنگ کے منصوبے پر عمل درآمد درست انداز میں کر رہے ہیں؟  

– آپ جو تبدیلیاں کررہے ہیں اس سے ممکنہ آمدنی کتنی ہو گی؟

– کیا آپ کے پاس ضرورت سے زیادہ ملازمین ہیں یا ملازمین کی تعداد ضرورت سے کم ہے؟

– کیا آپ کا سیزنل کاروبار ہے اور کیا اس حوالے سے بجٹ کوایڈجسٹ کرنے کی ضرورت ہے؟

– کیا آپ کو اپنے کاروباری اخرجات کو کم کرنے کے لیے کسی دوسری کمپنی کی خدمات کی ضرورت ہے؟

– کیا آپ کو گاہکوں اور سپلائرز سے  رابطوں کے لیے ٹیکنالوجی کے استعمال کی ضرورت ہے؟

– کیا آپ کے کاروبار کی لوکیشن درست ہے؟

– کیا کوئی نئے ممکنہ حالات ہو سکتے ہیں جن کے لیے بجٹ میں گنجائش رکھنے کی ضرورت ہے؟یہ سوالات صرف مثالوں کے طور پہ درج کیے گئے ہیں.  آپ اپنے کاروبار کی نوعیت کے حساب سے اور بھی کئی سوالات پوچھ سکتے ہیں.  جب آپ ان سوالات کے جوابات دیں گے تو ایسا عین ممکن ہے کہ آپ اپنے بجٹ کو ٹھیک بنائیں گے جس سے کاروبار کی کامیابی کے امکانات بڑھ جایں گے۔  بہت سی چیزیں جو روز مرہ کے معمولات کاروبار میں نظروں سے اوجھل رہتی ہیں وہ بجٹ کے جائزہ میں سامنے آ جاتی ہیں۔  اس سے ترقی اور کامیابی پر نگاہ رکھنا آسان رہتا ہے.

مزید پڑھیں

کاروبار اور بینکاری – بنیادی معلومات

ٹیکس کے نظام کی بنیادی معلومات