کرکٹ ورلڈ کپ کی تاریخ بہت سے یادگار اور جذباتی لمحات سے بھری پڑی ہے۔ یہ مقابلہ نہ صرف کھیل کے میدان میں شاندار پرفارمنس کا مظہر ہے بلکہ کئی ایسے لمحات بھی محفوظ رکھتا ہے جو کرکٹ کی تاریخ میں امر ہو چکے ہیں۔ ان لمحات میں کھلاڑیوں کی غیر معمولی صلاحیتیں، ٹیم ورک کی اہمیت، اور کرکٹ کی روح کی عکاسی ہوتی ہے۔
اس بلاگ پوسٹ میں ہم کرکٹ ورلڈ کپ کے چند انتہائی یادگار اور عظیم ترین لمحات کا جائزہ لیں گے جہاں ہر لمحے نے نہ صرف کھیل کی دنیا کو متاثر کیا بلکہ شائقین کے دلوں پہ بھی گہری چھاپ چھوڑی۔
کرکٹ ورلڈ کپ 2011: مہندر سنگھ دھونی کا فائنل میں چھکا
ورلڈ کپ 2011 کے فائنل کے ٤۹ویں اوور میں جب مہندر سنگھ دھونی نے چھکا لگایا تو بھارتی کرکٹ کی تاریخ میں ایک عظیم لمحہ رقم ہوا۔ اس شاندار چھکے کی بدولت بھارت نے دوسری مرتبہ عالمی کپ کا تاج سر پر سجایا۔ یہ چھکا صرف ایک زبردست ہٹ نہیں تھا بلکہ یہ بھارت کی میزبانی میں کامیاب ورلڈ کپ کے انعقاد کا خوبصورت اختتام تھا۔ اس لمحے کو کمنٹری باکس میں بیٹھے روی شاستری کے اس تبصرے نے مزید یادگار بنا دیا، “Dhoni finishes off in style. A magnificent strike into the crowd!”
یہ بھی پڑھیں: اچھوتا ریکارڈ: ٹیسٹ کرکٹ میں برائن لارا کے 400 رنز ناٹ آؤٹ
یہ لمحہ نہ صرف میدان میں موجود شائقین بلکہ ٹیلیویژن پر دیکھنے والے کروڑوں لوگوں کے دلوں میں بھی گہری چھاپ چھوڑ گیا۔
کیون اوبرائن کا کرشما تی کھیل: آئرلینڈ کی انگلینڈ کے خلاف تاریخی فتح
2011 کے کرکٹ ورلڈ کپ میں بنگلورو میں ایک یادگار مقابلہ ہوا جہاں آئرلینڈ نے انگلینڈ کے خلاف ایک حیرت انگیز فتح حاصل کی۔ انگلینڈ نے ورلڈ کپ کا آغاز متاثر کن انداز میں کیا تھا لیکن آئرلینڈ کے خلاف ان کی بڑھتی ہوئی امیدوں کو کیون اوبرائن نے ایک شاندار انفرادی کارکردگی سے روک دیا۔
جب آئرلینڈ نے 328 رنز کا تعاقب کرتے ہوئے 5 وکٹوں کے نقصان پر صرف 111 رنز بنائے تھے تو یہ لگ رہا تھا کہ انگلینڈ آسانی سے یہ میچ جیت جائے گا۔ لیکن کیون اوبرائن نے 63 گیندوں پر 113 رنز کی طوفانی اننگز کھیل کر نہ صرف میچ کا رخ بدل دیا بلکہ آئرلینڈ کو ان کے حریف انگلینڈ کے خلاف ایک یادگار فتح دلائی۔
یہ بھی پڑھیں: ریورس سویپ: مشتاق محمد کا شاٹ جس نے کرکٹ کو بدل دیا
اوبرائن کی یہ اننگز نہ صرف آئرلینڈ کرکٹ کی تاریخ میں ایک سنہری باب کے طور پر یاد کی جاتی ہے بلکہ کرکٹ کے عالمی منظرنامے میں بھی اسے ایک عظیم کارنامہ تصور کیا جاتا ہے۔ اوبرائن کی اس لاجواب بیٹنگ نے نہ صرف آئرلینڈ کو میچ جتایا بلکہ کرکٹ کے شائقین کے دلوں میں بھی خاص جگہ بنائی.
1987 کا ورلڈ کپ فائنل: انگلینڈ کی بدقسمتی کا ایک دن
تاریخ کے اوراق میں 1987 کا ورلڈ کپ فائنل انگلینڈ کی بدقسمتی کی وجہ سے یادگار بن کر رہ گیا۔ کلکتہ کے میدان میں آسٹریلیا کے خلاف، انگلینڈ کرکٹ ٹیم 254 رنز کے ہدف کا پیچھا کافی اعتماد کے ساتھ کر رہی تھی۔ ایک وقت پر میچ بالکل ان کی مٹھی میں تھا، اسکور 135 پر صرف دو وکٹیں گری تھیں۔ لیکن پھر مائیک گیٹنگ نے ایک ایسا غیر ضروری ریورس سویپ شاٹ کھیلا جو براہ راست وکٹ کیپر کے دستانوں میں سما گیا۔ اس ایک شاٹ نے کھیل کا رخ موڑ دیا۔ ایک کے بعد ایک وکٹ گرتی گئی اور انگلینڈ محض 7 رنز سے ہار گیا۔ ایسا لگا جیسے قسمت نے ان کا ساتھ چھوڑ دیا ہو اور وہ ورلڈ کپ کی تاریخ کے سب سے کانٹے دار فائنل میں شکست کھا گئے۔
1992 کرکٹ ورلڈ کپ کا یادگار لمحہ: جنوبی افریقہ کے لیے ناممکن ہدف
1992 کا کرکٹ ورلڈ کپ ایک یادگار واقعے کا گواہ بنا جب جنوبی افریقہ کو انگلینڈ کے خلاف سیمی فائنل میچ میں ایک حیران کن صورتحال کا سامنا کرنا پڑا۔ اس میچ میں جنوبی افریقہ کو فائنل میں جگہ بنانے کے لیے آخری 13 گیندوں پر 23 رنز درکار تھے۔ مگر قدرت کی طرف سے ایک موڑ آیا، بارش نے میچ میں رکاوٹ ڈالی اور کھلاڑیوں کو میدان سے باہر جانا پڑا۔
بارش رکنے کے بعد جب کھیل دوبارہ شروع ہوا تو بارش کے قوانین کے تحت جنوبی افریقہ کے لیے ہدف بدل کر ناقابل یقین طور پر ایک گیند پر 22 رنز کر دیا گیا۔ اس غیر معمولی تبدیلی نے کرکٹ کی دنیا میں حیرت اور مایوسی کی لہر دوڑا دی۔ جنوبی افریقہ کے لئے یہ ہدف ناممکن تھا اور اس طرح وہ ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے۔
یہ بھی پڑھیں: کرکٹ کی معلومات : 12 دلچسپ حقائق جو شاید آپ کو معلوم نہ ہوں
یہ واقعہ نہ صرف جنوبی افریقہ کے لیے بلکہ کرکٹ کی تاریخ کے لئے بھی ایک ناقابل فراموش لمحہ بن گیا، جس نے کھیل کے قوانین پر نئی بحث کا آغاز کیا.
1992 کا ورلڈ کپ شاہکار: پاکستان کی یادگار جیت
سال 1992 میں کرکٹ کی دنیا نے ایک تاریخی لمحہ دیکھا۔ انگلینڈ، جو کہ ورلڈ کپ کی سب سے طاقتور ٹیم مانی جا رہی تھی، کا مقابلہ پاکستان سے تھا۔ میلبورن کرکٹ گراؤنڈ (MCG) کی روشنیوں میں، 95,000 شائقین کی نظریں جمی ہوئی تھیں، جب پاکستان نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ وسیم اکرم کی زبردست بیٹنگ نے پاکستان کو 249 کے مجموعے تک پہنچایا۔
انگلینڈ کی ٹیم، جس میں ایان بوتھم جیسے کرکٹ کے جادوگر شامل تھے، نے جیت کے لیے سخت جدوجہد کی۔ لیکن یہ پاکستان کی شام تھی۔ وسیم اکرم ایک بار پھر چھاۓ اور دو بہترین کھلاڑیوں کو اہم موقع پر آؤٹ کیا. عمران خان کی کپتانی میں پاکستان نے 22 رنز کے فرق سے میچ جیتا اور کرکٹ کی دنیا میں اپنا نام روشن کیا۔
یہ جیت نہ صرف پاکستان کے لیے، بلکہ کرکٹ کے کھیل کے لیے بھی ایک یادگار لمحہ تھی جب بھارت کے بعد دوسری ایشیائی ٹیم نے ورلڈ کپ جیتا.
1999 ورلڈ کپ سیمی فائنل: جب جیت جنوبی افریقہ کے ہاتھ سے نکل گئی
ایجبسٹن کے میدان میں 1999 کے ون ڈے سیمی فائنل کا منظر کچھ ایسا تھا کہ جنوبی افریقہ کی ٹیم جیت کے دروازے تک پہنچ چکی تھی، لیکن آخری لمحات میں کہانی نے پلٹا کھایا۔ اس میچ کو تاریخ کا سب سے شاندار ون ڈے میچ بھی قرار دیا جا رہا ہے۔ 213 رنز کا پیچھا کرتے ہوئے جب صرف 1 رن کی ضرورت تھی اور 4 گیندیں باقی تھیں، تب ہی جنوبی افریقہ کے بلے باز لانس کلوزنر نے تقریبا ناممکن رن لینے کی کوشش کی لیکن وہ رن آؤٹ ہو گئے۔ جنوبی افریقہ کی بدقسمتی نے آسٹریلیا کو نہ صرف فائنل میں پہنچایا بلکہ وہ ورلڈ کپ بھی جیت گے۔ دوسری طرف، جنوبی افریقہ اب تک چار مرتبہ سیمی فائنل تک تو پہنچا، مگر فائنل کی منزل ان کے لیے اب بھی ایک خواب ہی رہی.
انگلینڈ کی تاریخی جیت: 2019 کے ورلڈ کپ کا یادگار فائنل
2019 کا کرکٹ ورلڈ کپ فائنل، جو لارڈز کے تاریخی میدان میں کھیلا گیا، وہ نہ صرف کرکٹ کی تاریخ کا ایک سنسنی خیز مقابلہ تھا بلکہ ایک ایسا لمحہ بھی تھا جس نے کرکٹ کے شائقین کو ہمیشہ کے لیے اپنی یادوں میں بسا لیا۔ اس میچ میں انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں مدمقابل تھیں۔ میزبان ٹیم انگلینڈ کو سست پچ پر نیوزی لینڈ کی طرف سے دیے گئے 241 رنز کے ہدف کا تعاقب کرنا تھا۔ میچ کے ایک موڑ پر انگلینڈ 86 رنز پر چار کھلاڑیوں کے نقصان پر تھی۔ یہاں سے بین اسٹوکس نے میدان سنبھالا اور کھیل کا رخ موڑ دیا۔
یہ بھی پڑھیں: کرکٹ کے 7 عظیم الشان ایونٹس
میچ کے آخری لمحات میں، جب صرف 5 اوورز باقی تھے، انگلینڈ کو جیت کے لیے 46 رنز کی ضرورت تھی۔ اسٹوکس نے نہ صرف تناؤ بھرے لمحات میں شاندار بیٹنگ کی بلکہ میچ کو ٹائی کرنے میں کامیاب رہے، جس کے بعد میچ کا فیصلہ سپر اوور پر آیا۔ انگلینڈ نے سپر اوور میں 15 رنز کا ہدف دیا، جواب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم صرف ایک رن سے ہدف تک نہ پہنچ سکی۔ آخری گیند پر جوس بٹلر کے ذریعے مارٹن گپٹل کا رن آؤٹ انگلینڈ کی جیت کا باعث بنا۔ اس طرح انگلینڈ نے ورلڈ کپ میں تین بار فائنل ہارنے کے بعد، پہلی بار چیمپیئن کا تاج سر پر سجایا۔
یہ میچ کرکٹ کی دنیا میں ایک یادگار لمحہ بن گیا جہاں جذبے، کوشش اور کھیل کے حقیقی جوہر نے سب کو محظوظ کیا اور تاریخ کے صفحات میں اپنا نام درج کروایا۔